ستمبر میں دنیا کا خاتمہ نہیں ہورہا، ناسا

جمعہ 21 اگست 2015 17:36

ستمبر میں دنیا کا خاتمہ نہیں ہورہا، ناسا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اگست2015ء) اگر تو آپ کو انٹرنیٹ پر گردش کرتی یہ خبریں پریشان ہیں کہ اگلے ماہ ایک سیارچے کی صورت میں زمین پر قیامت برپا ہونے والی ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ ناسا نے اس غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ ناسا نے تصدیق کی ہے کہ اگلے ماہ کسی بھی سیارچے کے زمین سے ٹکرانے کے کوئی امکانات نہیں درحقیقت اگلے سو برسوں تک ایسا خطرہ صفر اعشاریہ ایک فیصد ہے۔

اس سے پہلے انٹرنیٹ پر مسلسل مختلف پوسٹس اور بلاگز میں یہ افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ ایک سیارچہ آئندہ ماہ یعنی 15 سے 28 ستمبر کے دوران زمین سے ٹکرا کر نہ صرف پیورٹکو ریکو بلکہ امریکا اور میکسیکو کے مختلف علاقوں سمیت وسط اور جنوبی امریکا کو بحرالکاہل میں ڈبودے گا جس پر اب ناسا نے اپنا باضابطہ بیان جاری کیا۔

(جاری ہے)

ناسا کے زمین کے قریب اشیاءکے محکمے کے منیجر پال کوڈاز کے مطابق ایسی افواہوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، کسی نے بھی اس حوالے سے شواہد پیش نہیں کیے کہ ایک سیارچہ یاکوئی فلکیاتی اجسام اگلے ماہ زمین سے ٹکرا کر نقصان کا باعث بننے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اتنی بڑی تباہی کا باعث بننے والاسیارچہ آرہا ہوتا تو ہم اب تک اس کے کسی حصے کو دیکھ چکے ہوتے۔ یہ پہلی بار نہیں کہ ناسا نے 'قیامت' کی افواہوں پھیلانے کے جوش و خروش پر ٹھنڈا پانی ڈالا ہو اسسے قبل 2012 میں بھی اسی طرح کی افواہوں کی تردید امریکی خلائی ادارے نے کی تھی۔

متعلقہ عنوان :