شجاع خانزادہ حملہ کیس میں ملوث 3دہشت گرد اسلام آباد سے گرفتار ،تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل

محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب اور رینجرز نے ایف ایٹ میں واقع ایک مدرسے میں مشترکہ کارروائی کارروائی کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کیا

جمعہ 21 اگست 2015 19:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) کرنل (ر) شجاع خانزادہ خودکش حملہ کیس میں مزید پیش رفت ،وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب اور رینجرز نے مدرسے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سانحہ اٹک میں ملوث 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔جمعہ کو محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع ایک مدرسے سے اٹک خود کش حملے میں ملوث تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں قاری امداد،قاری ارشاداور شوکت شامل ہیں جو کہ راولپنڈی کینٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کے رہائشی ہیں۔کارروائی میں رینجرز اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔گرفتار دہشت گردوں کومزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگرد مطیع الرحمان بھی حملے میں ملوث ہے ۔مطیع الرحمان 2003 میں پرویز مشرف پرقاتلانہ حملے میں بھی مطلوب ہے ۔ملزم سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور کراچی میں شیرٹن ہوٹل پر خودکش حملے میں بھی مطلوب ہے ۔