آپ کا موبائل کتنا خطرناک ہے؟

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 21 اگست 2015 19:11

آپ کا موبائل کتنا خطرناک ہے؟

حیدرآباد.بھارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21اگست۔2015ء)موبائل فون کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟ یہ سوال تو کوئی اس بھارتی موٹر سائیکل سوار سے پوچھے جو بڑے اچھے موڈ میں پیٹرول پمپ سے پیٹرول ڈلوانے آیا مگر اسے لینے کے دینے پڑ گئے۔ حیدرآباد، بھارت کے ایک پیٹرول پمپ سے لی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان اپنے موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے ایک مصروف پیڑول پمپ پر پہنچا اور پیٹرول ڈلوانے کی تیاری کرنے لگا، اس نوجوان نے پیٹرول ٹینک کھول کر اپنا موبائل بھی ٹینکی پر ہی رکھ دیا۔

دو سیکنڈ بھی نہیں گذرے تھے کہ اس کا موبائل آگ کے گولے میں تبدیل ہو کر پھٹ گیا۔اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل کو بھی آگ لگ گئی۔ نوجوان موٹر سائیکل سوار نے مصیبت کی اس گھڑی میں بھی خود کو ہوش میں رکھا اور جلتے ہوئے موٹرسائیکل کو پیڑول کی ڈسپنسنگ مشین سے دور کر دیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی پیٹرول پمپ کے دوسرا ورکر بھی فوراً ہی ریت کی بالٹی لایا اور آگ پر ڈال کر آگ بجھائی۔

اس حادثے میں کسی کو زخم نہیں آئے۔ پیٹرول پمپ اور موٹر سائیکل کو بھی بظاہر زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ نوجوان آئندہ پیٹرول پمپ پر اپنا موبائل جیب سے نہیں نکالے گا اور نہ پیٹرول پمپ کی انتظامیہ کسی کو ایسا کرنے دے گی۔ اس واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج کو حیدر آباد سٹی پولیس نے عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے اپنے فیس بک پیج پر شیئر کیا ہے۔ پولیس کو یقین ہے کہ موبائل میں آگ اس وجہ سے لگی کیونکہ ٹینکی پر رکھتے ہیں موبائل کی بیل بجی اور موبائل نے آگ پکڑ لی۔ یاد رہے موبائل سمیت ہر قسم کی ڈیوائس سے ریڈی ایشن نکلتی ہے جو بعض صورتوں میں بڑے جانی اورمالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔