اظہر محمو دنے پاک انگلینڈ سیریز میں یاسر شاہ کو مہمان ٹیم کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا

جمعہ 21 اگست 2015 19:13

اظہر محمو دنے پاک انگلینڈ سیریز میں یاسر شاہ کو مہمان ٹیم کیلئے سب سے ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء)سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے ایشز کی فاتح ایلسٹر کک کی انگلش ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں حریف ٹیم کے اسپن اٹیک کے خلاف انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انگلش کاؤنٹی سرے کی نمائندگی کرنے والے سابق پاکستان آل راؤنڈر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ایشز کی فاتح ٹیم کیلئے یاسر شاہ کی لیگ اسپن باؤلنگ ایک بہت سخت چیلنج ہو گا۔

انگلینڈ اسپنرز خصوصاً لیگ اسپن کو بہت اچھا نہیں کھیلتے اور میرے خیال میں سیریز کے نتیجے کا بہت حد تک انحصار یاسر کی کارکردگی پر ہو گا، یاسر شاہ انگلینڈ کے لیے خاصی مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔تاہم انہوں نے ساتھ ساتھ پاکستان کے دوسرے باؤلرز پر زور دیا کہ انہیں بھی یاسر کا ساتھ دینا ہو گا جبکہ اس سلسلے میں دوسرے اسپنر کا انتخاب بھی بہت اہم ہو گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ سری لنکا کو سیریز میں 2-1 سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ انگلش ٹیم چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔اظہر محمود کے مطابق سیریز میں پاکستانی باؤلنگ اٹیک کی قیادت ایک بار پھر یاسر شاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یاسر کی کارکردگی پاکستان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہو گی۔ انٹرنیشنل سطح پر آنے کے بعد سے ان کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے اور وہ ایک اٹیکنگ باؤلر ہیں، یاسر نے ثابت کیا ہے کہ وہ دباؤ برداشت کر سکتے ہیں اور ان اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

29 سالہ یاسر شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا جہاں وہ سیریز میں ایک بڑا فرق ثابت ہوئے اور اب تک عالمی سطح پر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 ٹیسٹ میچوں میں 61 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔یاسر نے اپنی ان تمام تر کامیابیوں کا سہرا سابق لیگ اسپنر اور قومی ٹیم کے موجودہ باؤلنگ کوچ مشتاق احمد کے سر باندھا۔

مشتاق احمد نے میرے ایکشن پر کام کیا اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ان کی ہی وجہ سے میں اتنا کامیاب ہوں۔واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ایلسٹر کک کی ٹیم ان دنوں شاندار فارم میں ہے جہاں وہ ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر چکے ہیں۔