پاک فضائیہ کے سربراہ کی آپریشن ضربِ عضب میں بھرپور شرکت،لڑاکا طیاروں کی فارمیشن میں پرواز، فضائی حملے کے دوران دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں اور اسلحے کے ڈپو تباہ ہوئے

ائیر چیف کا ملک سے دہشگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے بھرپور عزم کا اعادہ

جمعہ 21 اگست 2015 21:13

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے آپریشن ضربِ عضب کے فیصلہ کن مرحلے میں شرکت کی۔ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ایک فارورڈ آپریٹنگ بیس سے لڑاکا طیاروں کی ایک فارمیشن میں پرواز کی۔ اس فضائی حملے کے دوران دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں اور اسلحے کے ڈپو تباہ ہوئے۔ائیر چیف نے فضائی اورزمینی عملے سے ملاقات بھی کی اور ان کی ملکی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان کے پُرجوش عزم اور حوصلے کی داد دی۔ پاک فضائیہ کے عظیم جنگجو ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ائیر چیف نے ملک سے دہشگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے 1965 ء کی جنگ میں ایک مّوثر کردار ادا کیا تھا اور اب آپریشن ضربِ عضب میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔پاک فضائیہ مستقبل میں بھی ایک ناقابل تسخیر اور مؤثر قوت ثابت ہو گی۔