نواک جکووچ، اینڈی مورے اور خواتین مقابلوں میں سیرینا ولیمز سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 22 اگست 2015 13:29

نواک جکووچ، اینڈی مورے اور خواتین مقابلوں میں سیرینا ولیمز سنسناٹی ..

اوہائیو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) نواک جکووچ اور اینڈی مورے سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ خواتین مقابلوں میں سیرینا ولیمز نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

(جاری ہے)

امریکی ریاست اوہائیو میں سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر ایک نواک جکووچ کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ کے سٹین واورینکا سے ہوا جس میں سربین کھلاڑی نے آسان مقابلے کے بعد حریف کھلاڑی کو چھے چار اور چھے ایک سے شکست دے دی۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے عالمی نمبر دو اینڈی مورے نے سپرایٹ مرحلے میں فرانس کے رچرڈ گیسکوئے کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ برٹش کھلاڑی کو کھیل کے پہلے سیٹ میں گیسکوئے کے ہاتھوں چار چھے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اگلے دونوں سیٹس میں شاندار واپسی کرتے ہوئے چھے ایک اور چھے چار سے فتح حاصل کی۔ادھر خواتین مقابلوں میں عالمی نمبر ایک امریکا کی سیرینا ولیمز سربیا کی آنا لوانووچ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔