پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلیوں کے بعد سابق اولمپئنز نے عہدوں کیلئے دوڑ شروع کر دی

ہفتہ 22 اگست 2015 13:38

پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلیوں کے بعد سابق اولمپئنز نے عہدوں کیلئے ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اگست۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں صدر اختر رسول کی تبدیلی کے ساتھ ہی ناراض اولمپیئنز کی اکثریت نے فیڈریشن میں عہدوں کے حصول کیلئے جدوجہد شروع کر دی ہے۔ اس سلسلہ میں پی ایچ ایف کے نئے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کو پھولوں کے گلدستے اور تحائف کے ساتھ مبارکباد کے پیغامات لیکر ان سے ملاقاتوں کی کوششیں شروع کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

لاہور اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے اولمپیئنز سرفہرست افراد میں شامل ہیں جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والے اولمپیئنز جو اختر رسول کے دور میں بھی فیڈریشن کے خلاف تھے نئے صدر کی آمد کے بعد عہدوں کے حصول کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں ۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ناراض اولمپیئنز فیڈریشن میں اپنی جگہ پکی کرنے کیلئے فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد اور ان کے ساتھ کام کرنیوالے افراد کیخلاف بھی مہم تیز کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ہے ۔ فیڈریشن کے نئے صدر جو ماضی میں پاکستان ہاکی کے ساتھ مختلف حیثیتوں سے وابستہ رہ چکے ہیں نے پی ایچ ایف کانگرس اجلاس میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے پہلے تک کوئی بھی اپنی حکمت عملی پر بات کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔