پاک بھارت مذاکرات بارے حقیقت پسندانہ جراتمندانہ موقف اختیار کرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں، چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 22 اگست 2015 15:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے حقیقت پسندانہ جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے دلیرانہ موقف سے کشمیر کاز کو تقویت ملے گی اوراس سے کشمیریوں کی آزاد ی کی منزل قریب آئے گی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جراتمندانہ اور اصولی موقف پر وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز سیاسی جماعتوں کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کشمیر عوام کٹھ پتلی لیڈروں سے نفرت کر تے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتا ہے بھارتی حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی اقوام عالم کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے ۔

ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارت کو پسپائی پر مجبور کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو مسترد کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کی جو تحریک شروع کر رکھی ہے بھارت اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں فوجی کالونیاں تعمیر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام تحریک حریت کو سرد کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام بنا دیں گے اور بھارت کو کشمیر خالی کرنے پر مجبور کردیں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا کشمیرپر کوئی حق نہیں اس نے ریاست پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور اس غیر قانونی قبضے کو دوام دینے کے لیے جابرانہ ہتھکنڈے اختیار کر رہا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر حریت قیادت کی نظر بندی ، بھارتی فورسز کا کریک ڈاؤن زیر حراست ہلاکتیں ،نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ بھارت کی آٹھ لاکھ پیر املٹری فورسز اب کشمیریوں کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتیں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نشانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو تحریک آزادی کے کسی بھی لمحے تنہائیوں کا احساس نہیں ہونے دیں گے ۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت حریت قیادت کے بینر تلے چلنے والی حق خوداردیت کی تحریک کی کامیابی تک ہر بین الاقوامی فورم پر جدوجہد کرتی رہے گی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ہو کر رہے گیا ۔ تحریک تکمیل پاکستان کامیاب ہو کر رہے گی ۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحانہ اقدامات مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ نہ کرے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جارحانہ اقدامات اس خطے میں کسی بڑے سانحہ کو جنم دے سکتے ہیں جس سے برصغیر کا امن تہس نہس ہو سکتا ہے اور اس عالمی امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت ایک قابض اور غاصب ملک ہے جس نے برصغیر کا امن یر غمال بنا رکھا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برصغیر میں مستقبل امن مسئلہ کشمیرکے حل سے مشروط ہے امن پسند دنیا کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروائے ۔

متعلقہ عنوان :