پولیس کی طرف سے حالات کشیدہ ہونے کے باعث این اے 122 کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست کی گئی

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا آئی جی پنجاب کو ٹیلیفون ،سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو،الیکشن ٹربیونل کے جج پر دباؤ کا تاثر نہیں ملنا چاہیے ‘ بابر یعقوب

ہفتہ 22 اگست 2015 17:11

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) پولیس کی طرف سے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے جذباتی ہو کر آمنے سامنے آنے کے باعث این اے 122دھاندلی کیس کا فیصلہ موخر کرنے کی درخواست بھی کی گئی ۔بتایا گیا ہے کہ اس طرح کی اطلاعات آنے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب مشتاق کو ٹیلیفون کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122مبینہ دھاندلی کیس کے فیصلے کے تناظر میں الیکشن ٹربیونل کے باہر کے ماحول کو کنٹرول کیا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پولیس سے کہا گیا کہ الیکشن ٹربیونل کے باہر ماحول کو اس طرح بنایاجائے کہ الیکشن ٹربیونل کے جج کسی بھی دباؤ کے بغیر فیصلہ سنا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو جس سے یہ تاثر ملے کہ الیکشن ٹربیونل کے جج نے دباؤ میں آکر فیصلہ موخر کیا ۔ اگر انہوں نے فیصلہ موخر کرنا ہے یا انہوں نے فیصلہ سنانا ہے تو بھی وہ آزادانہ فیصلہ کر سکیں۔ اس سلسلہ میں اس بات کو یقینی بنایا جائے الیکشن ٹربیونل کے باہر موجود دونوں جماعتوں کے کارکنوں کا دباؤ عدالت پر نہ آئے ۔