مذاکرات منسوخ ہوئے تو بھارت کو پوری دنیا کے سامنے جواب دینا پڑیگا، امید ہے بھارت امید کی کرن بجھنے نہیں دے گا، پاکستان کی مذاکرات کیلئے تمام تیاری مکمل ہے، ہم نے کوئی حیلہ بہانہ نہیں بنایا،مذاکرات جب بھی ہوئے تمام مسائل زیر بحث آئیں گے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کابھارتی وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار

ہفتہ 22 اگست 2015 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات منسوخ ہوئے تو بھارت کو پوری دنیا کے سامنے جواب دینا ہو گا، امید ہے بھارت امید کی کرن بجھنے نہیں دے گا، پاکستان کی مذاکرات کیلئے تمام تیاری مکمل ہے، ہم نے کوئی حیلہ بہانہ نہیں بنایا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بھارتی وزیر خارجہ کی سشما سوراج پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کا بھی حق ہے کہ وہ دہشت گردی کا معاملہ بھارت سے اٹھائے اور پاکستان چاہتا ہے کہ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں، پاک بھارت مذاکرات جب بھی ہوئے تمام مسائل زیر بحث آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کشمیریوں کی دعوت پر ان سے ملاقات کریں گے اور بھارت کے ساتھ تمام تنازعات پر بات چیت کرنے پر اتفاق ہوا تھا، اب پاکستان کی تمام تیاری مکمل ہے، ہم نے کوئی حیلہ اور بہانہ نہیں بنایا، اگر مذاکرات منسوخ ہوئے تو بھارت کو پوری دنیا کے سامنے جواب دینا ہو گا، امید ہے بھارت امید کی کرن کو بجھنے نہیں دے گا۔