ایران نے 500 کلومیٹر تک مار کرنے والا نیا میزائل تیار کر لیا

ہتھیاروں کی خریدوفروخت سے متعلق انھیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، عسکری قوت امن اور موثر سفارتکاری کی پیشگی شرط ہے،ہم دوسرے ملکوں کے ساتھ اسی صورت میں مذاکرات کر سکتے ہیں جب ہم طاقتور ہوں گے ایرانی صدر حسن روحانی کا میزائل کی رونمائی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 اگست 2015 20:23

ایران نے 500 کلومیٹر تک مار کرنے والا نیا میزائل تیار کر لیا

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء ) ایران نے 500 کلومیٹر تک زمین سے زمین پر مار کرنے والا نیا میزائل تیا ر کرلیا،ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کی خرید و فروخت سے متعلق انھیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں، عسکری قوت امن اور موثر سفارتکاری کی پیشگی شرط ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے 500کلومیٹر تک زمین سے زمین پر مار کرنے والا ایک نیا میزائل متعارف کروایا ہے ۔

وزارت دفاع کے مطابق فتح 313 نامی یہ میزائل 500کلو میٹر فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔میزائل کی رونمائی ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب گزشتہ ماہ ہی ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین تہران کے متنازع جوہری پروگرام سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا۔معاہدے کے تحت آئندہ آٹھ سال کے لیے ایران کو بیلسٹک میزائل کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر پابندی ہو گی اور اس کی اجازت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے رضا مندی سے مشروط ہو گی۔

(جاری ہے)

ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ہتھیاروں کی خرید و فروخت سے متعلق انھیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔صدر حسن روحانی نے میزائل کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جو بھی ضرورت ہو گی ہم وہ ہتھیار خریدیں گے، بیچیں گے اور بنائیں گے اور اس کے لیے ہم کسی سے اجازت یا کسی قرار کی پاسداری نہیں کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دوسرے ملکوں کے ساتھ اسی صورت میں مذاکرات کر سکتے ہیں جب ہم طاقتور ہوں گے۔

اگر ایک ملک طاقت اور آزادی نہیں رکھتا، وہ حقیقی امن حاصل نہیں کر سکتا۔وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اس میزائل کا پہلے ہی کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے اور وسیع پیمانے پر اس کی تیاری جلد شروع کر دی جائے گیایران کا میزائل پروگرام مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا ہے اور وہ خطے میں اپنے اتحادیوں کو میزائل برآمد کرنے کے علاوہ میزائل شکن نظام درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :