وفاقی حکومت نئی تجارتی پالیسی کے ذریعے کاروباری برادری کو ریلیف پیکج دے گی

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا یونائٹڈ بزنس گروپ اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے ظہرانے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 اگست 2015 21:11

گوجرانوالہ/اسلام آباد ۔ 22 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نئی تجارتی پالیسی کے ذریعے کاروباری برادری کو ریلیف پیکج دے گی تاکہ ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جاسکے۔ ہفتہ کو یونائٹڈ بزنس گروپ اور گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملک کے مختلف علاقوں میں پاور پلانٹ لگائے جارہے ہیں تاکہ تاجر برادری کی روزبروز بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو ہنگامی بنیادوں پر پور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ جنوری سے لے کر اب تک افراط زر کی شرح 2.5 فیصد تک کم ہوچکی ہے جو وفاقی حکومت کی مخلصانہ کوششوں اور دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کی جانب سے کی جانے والی 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں زیادہ تر سرمایہ کاری توانائی کے شعبہ میں کمی جارہی ہے تاکہ اقتصادی سرگرمیوں کی بڑھایا جاسکے۔

وزیر تجارت نے کہا کہ نئی تجارتی پالیسی میں سارک چیمبر کے نائب صدر اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخاری علی ملک، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت سمیت تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبہ سے مشاورت کی جارہی ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ نجی تجارتی پالیسی کی تشکیل اور اسے حتمی شکل دینے سے پہلے ایف پی سی سی آئی کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں اوور ہیڈ پل تعمیر ہوچکا ہے اور اور ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ پی ایم ایل کی حکومت کی طرف سے گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔ ٹی ڈی اے پی کے سی ای او ایس ایم منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی دنیا بھر میں برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کی نمائش کیلئے معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی بیرون ملک نمائشوں میں شرکت سمیت ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ سارک چمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ پوری کاروباری برادری کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت مسلم لیگ کی منتخب حکومت سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت منصوبہ بندی کمیشن کے مشاورتی اجلاسوں میں نجی شعبہ کو پچاس سے زائد منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے مختلف وزارتوں اور محکموں کو دی جانے والی تجاویز میں تمام شریک چیمبرز سے مشاورت کی جارہی ہے۔ گوجرانوالہ چیمبر کے صدر خواجہ خالد حسن سمیت دیگر مختلف کاروباری رہنماؤں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :