تاج محل کا فانوس کیسے گرا؟بھارتی حکومت نے تحقیقات کا حکم دیدیا

فانوس سابق برطانوی وائسرائے لارڈ کرزون نے 1905 میں بھارت کو تحفے میں دیا تھا

ہفتہ 22 اگست 2015 22:06

تاج محل کا فانوس کیسے گرا؟بھارتی حکومت نے تحقیقات کا حکم دیدیا

آگرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء)بھارتی حکام نے آگرہ میں واقع مشہور تاریخی عمارت تاج محل میں نصب ایک تاریخی فانوس کے ٹوٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔60 کلوگرام وزنی فانوس تاج محل کی داخلی دروازے شاہی گیٹ پر نصب تھا جو اس ہفتے کے آغاز میں گر کر ٹوٹ گیا تھا۔بھارتی میڈیاکے مطابق عینی شاہدین نے بتایاکہ ایک ملازم دو میٹر بلند فانوس کی صفائی کر رہا تھا جس وقت وہ نیچے گرا۔

(جاری ہے)

فانوس گرنے سے وہاں موجود سیاحوں میں افراتفری پھیل گئی لیکن اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہواتاج محل میں کام کرنے والے ٹور گائیڈز نے حکام پر غفلت کا الزام لگایا ہے لیکن واقعے کی تحقیقات کرنے والے ماہر آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ فانوس بوسیدہ ہونے کے باعث گرا ہے ۔بھارت کے محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی)نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔آرکیالوجی سروے آف انڈیا( اے ایس آئی )کے سینیئر اہلکار ڈاکٹر بھون وکرم سنگھ کا کہنا ہے کہ فانوس کو زنجیروں کی مدد لٹکایا گیا تھا اور اس واقعے کی وہ ذاتی طور پر تحقیقات کر رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ فانوس کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد ہی اسے دوبارہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔