کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے دہشت گرد احد علی شاہ کوسائٹ حیدرآباد کے علاقے میں سپردخاک کر دیا گیا

دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور سندھ یونیورسٹی کے ملازم سید کمال کے بیٹے کی حیثیت سے ہوئی

ہفتہ 22 اگست 2015 22:29

کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے دہشت گرد احد ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے دہشت گرد احد علی شاہ کوسائٹ حیدرآباد کے علاقے میں سپردخاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

کراچی میں گلشن اقبال کے علاقے میں گذشتہ دنوں رینجرز سے مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ حساس ادارے کا ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی شہید ہو گیا تھا، مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور سندھ یونیورسٹی کے ملازم سید کمال کے بیٹے کی حیثیت سے ہوئی ہے، دونوں مارے گئے دہشت گردوں کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ وہ القاعدہ کے لئے کام کر رہے تھے اور دہشت گردی کا کوئی بڑا منصوبہ بنا رہے تھے کہ ان کا رینجرز سے مقابلہ ہو گیا تھا، سید کمال شاہ زیل پاک کالونی کے ایک بنگلے میں رہائش پذیر ہیں جہاں ان کے بیٹے کی ہلاکت پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے، پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر زاہد بھرگڑی اور دیگر رہنماؤں نے بھی کمال شاہ کے گھر جا کر ان سے اظہار تعزیت کیا، زیل پاک کالونی قبرستان میں تدفین کے وقت بھی پیپلزپارٹی کے کئی کارکن اور رہنما شریک تھے، سید کمال شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کے القاعدہ سے تعلق اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا کوئی علم نہیں ہے تاہم احد علی شاہ نے مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جامشورو سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی اور تین مہینے پہلے وہ لاپتہ ہو گیا تھا جس پر اس نے حالی روڈ تھانہ پر گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی، کمال شاہ نے بتایا کہ تین چار روز پہلے اسے پتہ چلا تھا کہ احد شاہ گلشن اقبال کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں مارا گیا ہے اور اس کا القاعدہ سے تعلق ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس پر وہ گلشن اقبال تھانے گئے جہاں اسے بھی زیرحراست رکھ کر تحقیقات کی گئی تاہم پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا اور گذشتہ روز احد شاہ کی میت اس کے حوالے کی گئی جسے وہ حیدرآباد لایا اور زیل پاک کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی، کمال شاہ نے کہا کہ اس کا اپنے بیٹے کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے نہ وہ اس کی سرگرمیوں سے باخبر تھا، سید کمال شاہ پیپلزپارٹی کا عہدیدار اور سندھ یونیورسٹی کا ملازم ہے اس نے زیل پاک یونین کے جنرل سیکریٹری احمد شاہ سے زیل پاک کالونی میں 25 لاکھ روپے کا بنگلہ خریدا تھا جس میں وہ گذشتہ کئی سال سے رہائش پذیر ہے جبکہ اس نے زیل پاک مارکیٹ کے متنازعہ علاقے میں کئی دوکانیں بھی بنا رکھی ہیں اور زیل پاک یونین کے ساتھ مل کر کمرشل منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔