Live Updates

ٹربیونل کے فیصلے کے بعد اخلاقی طور پر میں رکن قومی اسمبلی نہیں رہا،ٹربیونل کے جج نے فیصلے میں اپنی تعریفوں کے پل باندھے، الیکشن مشنری پر میرا کنٹرول نہیں تھا، فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا میرا آئینی اور اخلاقی حق ہے، تحریک انصاف نے استعفے سیکرٹری اسمبلی کو دیئے تھے، انتخابی اصلاحات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے تقریباً اپنا کام مکمل کرلیا ہے،مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 23 اگست 2015 00:26

ٹربیونل کے فیصلے کے بعد اخلاقی طور پر میں رکن قومی اسمبلی نہیں رہا،ٹربیونل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22اگست۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ٹربیونل کے فیصلے کے بعد اخلاقی طور پر میں رکن قومی اسمبلی نہیں رہا،ٹربیونل کے جج نے فیصلے میں اپنی تعریفوں کے پل باندھے، الیکشن مشنری پر میرا کنٹرول نہیں تھا، فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا میرا آئینی اور اخلاقی حق ہے، تحریک انصاف نے استعفے سیکرٹری اسمبلی کو دیئے تھے، انتخابی اصلاحات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے تقریباً اپنا کام مکمل کرلیا ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری عمران خان کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، ایک اصولوں کی لڑائی ہے، انہوں نے بھی لڑی اور میں نے بھی اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ایک دوسرے کی عزت نہ کریں، عمران خان کے ساتھ ایسا تعلق ہے جسے ختم ہوتے ہوئے بھی عرصہ لگے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، میں حیران ہوں کہ ٹربیونل کے جج نے اپنی تعریفوں کا پل باندھا ہوا ہے، فیصلے میں الیکشن مشنری پر میرا کنٹرول نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اخلاقی طور پر آج سے ایم این اے نہیں رہا اور نہ ہی اسپیکر ۔سردار ایاز صادق نے کہاکہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنا میرا آئینی و اخلاقی حق ہے، ٹربیونل کے فیصلے پر تحفظات ہیں، میں سپریم کورٹ جاؤں گا اور پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے استعفے سیکرٹری اسمبلی کو دیئے تھے میں نے انہیں علیحدہ اور اکٹھے چیمبر میں بلایا لیکن وہ نہیں آئے، مخدوم جاوید ہاشمی آئے تھے ان کا استعفی میں نے قبول کرلیا، میں نے تو قانون اور آئین کے مطابق عمل کرنا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے اپنا تقریباً کام مکمل کرلیا ہے، 2 ماہ تک وہ اپنی ساری کارکردگی ویب سائیٹ پر ڈال دیں گے، دسمبر سے پہلے اصلاحات مکمل کرلی جائیں گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات