اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا،پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خواشگوار

محکمہ موسمیات کا شمالی علاقہ جات اور چترال میں بارش کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے خدشہ کااظہار

اتوار 23 اگست 2015 13:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا،پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خواشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شمالی علاقہ جات اور چترال میں زیادہ درجہ حرارت اور بارش کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے خدشہ کااظہارکیا۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،مردان،کوہاٹ ڈویژن)، بالائی پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن)، اسلام آباد، بالائی فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھاربارش کا بھی امکان ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا تاہم پشاور، ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، ژوب ڈویژن اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش رسالپور 37، چکوال 12، اوکاڑہ 11،بونجی 10، استور 05، کاکول، پٹن، ڑوب، گڑھی دوپٹہ 04، اسلام آباد(گولڑہ 03، زیرو پوائنٹ 02، سیدپور 01) اور سکردو 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں43ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی، شہید بینظیر آباد42، سبی 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔