اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ، 16افراد جاں بحق، 18 زخمی

زخمی طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل ،وزیراعلیٰ پنجاب کا حادثات کا نوٹس ،زخمیوں کو فوری طور پر بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

اتوار 23 اگست 2015 13:31

اسلام آباد/ شیخوپورہ/ڈیرہ غازی خان/میانوالی/ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 16افراد جاں بحق جبکہ 18افراد زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ڈیرہ غازی خان میں جام پور روڈ پر نجی کمپنی کی بس نے رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار میاں بیوی اور تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا کر خاکستر کردیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ۔

میانوالی میں دو مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ فخر آباد چیک پوسٹ کے قریب دو گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوئے جبکہ ڈھک پہاڑی پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نے مزید پانچ ٹرکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا فائر بریگیڈ کے عملے نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

ادھر اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے قریب تیزرفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے دونوں افراد رشتے میں بھائی تھے جو جی سکس سے کراچی کمپنی کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک سینٹورس مال کے سامنے سفید رنگ کی پراڈو کار نمبر ڈبلیو ایس 111 نے پیچھے سے ٹکر ماری جس سے دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

جاں بحق ہونے والے افراد میں ضیا الرحمن عمر 27 سال اور شاہ زمان کی عمر 47 ہیں۔ جاں بحق افراد کی لاشیں پمز ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے موقع سے گاڑی سوار کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ جبکہ شیخوپورہ کے قریب موٹروے پر ٹریفک حادثہ میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ۔موٹروے پولیس کے مطابق کار میں سوار 5 افراد لیہ سے لاہور جارہے تھے کہ شیخوپورہ کے قریب موٹروے پر ٹرک نے کار کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں خاتون شازیہ اور شاہ جہاں نامی مرد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کار کا ڈرائیور عمران اور دو بچے زخمی ہوگئے ۔

موٹروے پولیس نے حادثے کے زخمیوں اور لاشوں کوہسپتال منتقل کیا۔ ادھر ہڑپہ میں بھی ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے