ورلڈ اتھلیٹک چپمئن شپ ، یوسین بولٹ اور جسٹن گیٹلن نے میدان مار لیا

اتوار 23 اگست 2015 14:28

ورلڈ اتھلیٹک چپمئن شپ ، یوسین بولٹ اور جسٹن گیٹلن نے میدان مار لیا

بیجنگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23اگست ۔2015ء ) چین میں جاری ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے پہلے روز دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ اور امریکہ سٹار ایتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے میدان مار لیا ۔ ورلڈ ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے رنگا رنگ ایونٹ کے ابتدائی روز دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے ، ایونٹ میں مردوں کی پہلی دس ہزار میٹر کی ریس میں برطانیہ کے ایم او فراح نے 27 منٹ اور1.13 سیکنڈز کے وقت سے کامیابی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

مردوں کی میراتھن ریس میں اریٹریا کے 19 سالہ ایتھلیٹ غرمے نے شاندار فتح حاصل کر کے کم عمر ترین چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔ خواتین کے شاٹ پٹ مقابلوں میں جرمنی کی کرسٹینا شوانٹیز نے سب سے دور گولہ پھینک کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا ۔ اس کے علاوہ مردوں کی 100 میٹر ریس میں جمیکا کے تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ 9.96 سیکنڈز کے وقت سے فنش لائن عبور کر کے جیت گئے ۔ مردوں کی ہی ایک اور 100 میٹر ریس میں امریکہ کے سٹار ایتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے کامیابی سمیٹی ۔