” ایاز صادق نااہلی“

ن لیگ کی مرکزی قیادت اور ممبران اسمبلی کے ساتھ ساتھ وزراء میں کھلبلی مچ گئی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت کو کمزور کرنے یا گرانے کی سازش ہو رہی ہے۔ لیگی رہنما و ں کا رد عمل

اتوار 23 اگست 2015 15:34

” ایاز صادق نااہلی“

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء) الیکشن ٹربیونل لاہور کے اس فیصلہ کے بعد جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو نااہل قرار دیا گیا ہے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اور ممبران اسمبلی کے ساتھ ساتھ وزراء میں کھلبلی مچ گئی۔ فیصل آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے قومی و صوبائی اسمبلی ممبران سر پکڑ کر بیٹھ گئے جبکہ بعض ممبران اسمبلی کا کہنا تھا ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت کو کمزور کرنے یا گرانے کی سازش ہو رہی ہے جبکہ بعض طاقتیں یہ نہیں چاہتی ملک ترقی کرے اور بے روزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ملک سے انرجی بحران ختم ہو۔

آن لائن کے مطابق فیصل آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے بعض ممبران نے بتایا کہ عمران خان اور اس کی جماعت پی ٹی آئی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دوبارہ سڑکوں پر لانے کی سازش تیار کی جا رہی ہے تاکہ ملک میں افراتفری پھیلا کر انتخابات کی راہ ہموار کی جا سکے اور اس سازش میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں احتساب بیورو پہلے ہی ملک بھر کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی جن میں اکثریت مسلم لیگ ن کی ہے کے بارے میں کرپشن کے ثبوت اکٹھے کر رہا ہے۔ آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ احتساب بیورو و دیگر اداروں نے اب تک کی تحقیقات کے دوران ستر سے زائد ممبران اسمبلی اور وزراء کی نشاندہی ہوئی ہے جنہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سرکاری فنڈ میں ناصرف کرپشن کی بلکہ بعض منصوبوں کو صرف کاغذات کی حد تک ظاہر کیا گیا اسی طرح احتساب بیورو نے پنجاب کے بعض اضلاع کے ڈی سی او اور مختلف تعمیراتی اداروں کے سربراہوں کے بارے میں بھی مختلف میگا پراجیکٹ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات شروع کر رکھی ہے اور یہ بھی پتہ چلا ہے کہ بعض افسران کی گرفتاری کے لئے احتساب بیورو نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آگاہ کیا ہے