سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا نے 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 28000 ہزار رنز سکور کیے

پیر 24 اگست 2015 12:26

سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا نے 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی ..

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا کا بین الاقوامی کریئر 15 سال پر محیط رہا ہے جس میں انھوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر تقریباً 28,000 ہزار رنز سکور کیے۔کمار سنگاکارا نے اپنے بین الاقوامی کریئر کاآغاز جولائی 2000 میں پاکستان کے خلاف گال کے ون ڈے انٹرنیشنل میں کیا تھا۔رواں سال انھوں نے گال میں ہی جنوبی افریقہ کیخلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا۔

اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ سے قبل سنگاکارا نے 133 ٹیسٹ میچوں میں 57لا71 کی اوسط سے12,350 رنز سکور کیے جن میں 38 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں شامل ہیں۔سنگاکارا نے 404 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کی اور 25 سنچریوں اور93 نصف سنچریوں کی مدد سے14,234 رنز بنائے۔وہ 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں8 نصف سنچریوں کی مدد سے1,382 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ سب سے زیادہ سنچریوں کی تعداد میں ان کا نمبر چوتھا ہے۔

(جاری ہے)

وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں سچن تندولکر کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جبکہ سب سے زیادہ سنچریوں میں وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔سنگاکارا انگلینڈ کے گراہم گوچ کے بعد دوسرے بیٹسمین ہیں جنھوں نے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں ٹرپل سنچری اور سنچری سکور کی ہے۔وہ سر ڈان بریڈ مین کی 12 ڈبل سنچریوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بیٹسمین ہیں جن کی تعداد 11 ہے۔

سنگاکارا اپنے دیرینہ دوست مہیلا جے وردھنے کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت میں بھی شریک ہیں۔ان دونوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں تیسری وکٹ کے لیے 624 رنز بنائے جس میں سنگاکارا نے 287 رنز سکور کیے تھے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ سنگاکارا سری لنکاکی اس ٹیم میں شامل تھے جس نے گذشتہ سال ڈھاکہ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا۔

درحقیقت یہ ان ہی کی ناقابل شکست نصف سنچری تھی جس نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے کامیابی دلائی۔2009 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھی سنگاکارا نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی تھی لیکن جواب میں شاہد آفریدی کی ناقابل شکست نصف سنچری نے سنگاکارا کی کپتان کی حیثیت سے ٹرافی جیتنے کی خواہش پوری نہیں ہونے دی۔وہ 2012 کا آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل کھیلنے والی سری لنکن ٹیم کے بھی کپتان تھے جس میں اسے ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی۔

سنگاکارا 2007 اور 2011 کے عالمی کپ کے فائنلز کھیلنے والی سری لنکن ٹیموں کا بھی حصہ تھے۔سنگاکارا نے 2012 میں آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر اور بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈز حاصل کیے۔وہ 2011 اور 2013 میں آئی سی سی کے بہترین ون ڈے کرکٹر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے وزڈن نے انھیں پانچ بہترین کرکٹرز میں بھی شامل کیا۔