انگلش پریمیئر لیگ : ڈیبیو میچ میں پیڈرو کی عمدہ کارکردگی سے چیلسی فتحیاب

پیر 24 اگست 2015 13:12

انگلش پریمیئر لیگ : ڈیبیو میچ میں پیڈرو کی عمدہ کارکردگی سے چیلسی فتحیاب

ویسٹ بروم وچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اگست۔2015ء) انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی نے ویسٹ بروم کو 2-3سے ہرادیا۔ میچ کے ہیرو اور بہترین کھلاڑی پیڈرو رہے۔ یہ ان کے انگلش لیگ کا پہلا میچ تھا جس میں انہوں نے اپنی شاندار رفتار اور مہارت سے چیلسی کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 28 سالہ پیڈرو نے میچ کے 20 ویں منٹ میں گیند کو جال کے حوالے کرکے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ صرف 10 منٹ بعد ہی سٹرائیکر ڈیاگو کوسٹا کو شاندار پاس دیا جس پر انہوں نے کوئی غلطی کیے بغیر ٹیم کی برتری کو ڈبل کردیا۔ اس کے بعد میزبان ٹیم نے سنبھالا لیا اور موریسن نے 35 ویں منٹ میں گول سکور کرکے ٹیم کو میچ میں لانے کی کوشش کی لیکن وقفے سے قبل ایزپلیکوٹا نے ایک اور گول اسکور کرکے میزبان ٹیم کی فتح کی امیدوں کا مدھم کردیا۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں موریسن نے ایک بار پھر ویسٹ بروم کے کام آئے اور مقابلہ 2-3 کردیا اس کے بعد ان کی اور ان کے کسی ساتھی کی کوئی بھی کاوش بارآور ثابت نہ ہوئی اور میچ اسی سکور پر ختم ہوا ۔ میچ کےبعد چیلسی کے منیجر جوز مورنہو نے کہا کہ یہ نتیجہ بہت سے فٹ بال شائقین کو پسند نہیں آیا ہوگا، ان دنوں لوگ ہمیں صرف ہارتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ ہماری کارکردگی بہت اچھی نہیں ہے، اس سیزن کے اب تک کھیلے گئے تین میچز میں چار پوائنٹس کافی نہیں سمجھے جاسکتے۔ ہمیں اس میں بہت بہتری لانا ہوگی ۔