پاکستان سپر لیگ کا فروری میں انعقاد خطرے میں پڑ گیا

پیر 24 اگست 2015 14:47

پاکستان سپر لیگ کا فروری میں انعقاد خطرے میں پڑ گیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اگست۔2015ء) پاکستان سپر لیگ کا فروری میں انعقاد خطرے میں پڑنا شروع ہو گیا۔ امارات میں سٹیڈیم دستیاب نہ ہونے کی بنا پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے متبادل وینو کے لیے قطر کا انتخاب کیا تھا تاہم وہاں کے فٹبال گراونڈز کا بھی بروقت آئی سی سی کے میعار کے مطابق تیار ہونا مشکل دکھائی دینے لگا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا سات رکنی وفد ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی قیادت میں ان دنوں امارات اور قطر کے دورے پر ہے۔

ذرائع کے مطابق امارات میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے حکام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی لاتے ہوئے اسے اپریل میں شفٹ کر لیں تو ان کے میدان دستیاب ہونگے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ فروری اور مارچ میں بھارت میں منعقد ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے پی ایس ایل ایونٹ کے انعقاد کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سات رکنی وفد کو قطر کے فٹ بال گراونڈ کو کرکٹ سٹیڈیم میں تبدیل کرنے کے حوالے سے انتظامات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کئی ایشوز پر تشویش لاحق ہو گئی ہے۔

دوسری طرف ملک میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام یکم ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے کوالی فائنگ راونڈ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑنا شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناقص حکمت عملی کے باعث ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے لیے سپانسر شپ کا حصول مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ پی سی بی نے ٹیموں کی فروخت کیلئے ٹینڈر نوٹس جاری کیا تھا جس میں کسی بڑے ادارے نے دلچسپی کا اظہار نہیں کیا جس پر حکام کو سخت مایوسی ہوئی۔ بورڈ سپر لیگ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پہلے ہی کروڑوں روپے خرچ چکا ہے لیکن اس کا کوئی حاصل نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :