Live Updates

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھجوا دیا

پیر 24 اگست 2015 14:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رابطہ کر لیا ،تحریک انصاف کے وکیل گوہر نواز سندھو نے صوبائی ارکان کی نااہلی کیلئے ایک ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو خط بھجوا دیا ہے جبکہسپریم کورٹ نے کہا کہکورئیر کے ذریعے ملنے والے ایسے کسی ریفرنس پر ایکشن نہیں لیا جائیگا۔

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان سے استعفے کیلئے دھرنے کی بجائے آئینی و قانونی طریقہ استعمال کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے تحریک انصاف کے وکیل نے ایک ریفرنس تیار کیا ہے جو کورئیر کے ذریعے سپریم جوڈیشل کونسل بھجوایا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر قواعد وضوابط کی خلاف ورزیاں کی گئیں ہیں اور الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکے،ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والا انکوائری کمیشن نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں کوتاہیاں ہوئی ہیں اوران کوتاہیوں کے ذمہ دار الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان پر عائد ہوتی ہے جبکہ این اے 125 اور این اے122 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے الیکشن ٹریبونل نے بھی اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں،

ریفرنس میں تحریک انصاف نے سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا کی ہے کہ عام انتخابات میں بے ضابطگیوں اور کوتاہیوں کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان کیخلاف کارروائی کی جائے اورانہیں نااہل قرار دیکر ان کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سپریم کورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک تحریک انصاف کی جانب سے ہمیں کوئی ریفرنس نہیں ملا ہے ،کورئیر کے ذریعے ملنے والے ایسے کسی ریفرنس پرسپریم کورٹ ایکشن نہیں لے گا کیونکہ شکایت کے ہمراہ درخواست گزار کا ساتھ آنا لازمی ہے،آئین و قانون کے تحت ملنے والے ریفرنس پر ہی کارروائی ہو سکتی ہے بغیر کسی قواعد کے ریفرنس پر کارروائی نہیں ہوگی۔

دریں اثناء الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کا چاروں صوبائی ارکان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرنا خوش آئند ہے ہم اس فیصلے کو سراہتے ہیں،الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا واحد راستہ ہی سپریم جوڈیشل کونسل ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں الیکشن کمیشن مکمل تیاری کے ساتھ جائے گا اور ان پر تحریک انصاف کی جانب سے لگنے والے الزامات کی بھر پور دفاع کرے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات