یوتھ فٹ بال کلب میرپور کی27ویں سالگرہ کے موقع پرفٹبال میچ کا انعقاد

پیر 24 اگست 2015 15:34

یوتھ فٹ بال کلب میرپور کی27ویں سالگرہ کے موقع پرفٹبال میچ کا انعقاد

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)یوتھ فٹ بال کلب میرپور کی27ویں سالگرہ کے موقع پر یوتھ فٹ بال کلب میرپور اورہیرو فٹ بال کلب چکوال کے مابین فٹ بال میچ یوتھ فٹ بال اکیڈمی میرپور کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج میرپور کی گراؤنڈ میں کھیلا گیا ،جس میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ بغیر کسی گول کے نتیجہ میں برابری کی بنیاد پر اختتام پذیر ہوا، یوتھ فٹ بال میرپور کی انتظامیہ کی طرف سے مہمان ٹیم ہیرو فٹبال کلب چکوال کوونرقرار دیا گیا ،میچ کے مہمان خصوصی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر و سابق نیشنل فٹ بالر راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ تھے۔

میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کے موقع تماشائیوں اور کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق مایہ ناز فٹبالر راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا اہم جز ہوتے ہیں جو اس کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی مناسب راہنمائی کر کے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا جن قوموں کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں اس لیے ہسپتالوں کو ویران کرنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کا فرض بنتا ہے کہ اپنے بچوں کو کھیل کیلئے راہنمائی کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ میدان آباد ہوں آخر پر مہمان خصوصی نے چکوال ٹیم کے کیپٹن محبوب بلو کو ونر اور یوتھ فٹ بال کلب میرپور کے کیپٹن چودھری عبدالرزاق علی کو رنر اپ جبکہ میچ کا بہترین کھلاڑی چکوال کے کھلاڑی کودیا گیا ۔ یوتھ فٹ بال کلب میرپو رکی طرف سے مہمان خصوصی کویوتھ فٹ بال کلب کے صدر چوہدری ضیا ء اللہ اور ڈاکٹر ظفر کی طرف سے خصوصی یوتھ کلاک گفٹ دی گئی ۔ اس موقع پرصدر ڈسٹرکٹ فٹبال فیڈریشن بشارت علی بھٹی،نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔