این بی پی خیبرپختونخوا رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ مراد علی نے جیت لی

پیر 24 اگست 2015 16:38

این بی پی خیبرپختونخوا رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ مراد علی نے جیت لی

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) 4th این بی پی خیبرپختونخوا رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ نیشنل بنک کے مراد علی اور عارفہ نے جیت لی ، مینز سنگل میں نیشنل بنک کے مراد علی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کے ندیم خان کو 2-1 سے شکست دی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں صوابی کی عارفہ نے اقصیٰ کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، مہمان خصوصی پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے صدر وسابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ، جی ایم کریڈٹ این بی پی شاہد مجید ،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری ذوالفقاربٹ ، صوبائی بیڈمنٹن سیکرٹری حاجی امجد خان ، آرگنائزنگ سیکرٹری میاں صداقت شاہ ، این بی پی کے سپورٹس آفیسر باسط کمال سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

قیوم سپورٹس کمپلیکس طارق ودود بیڈمنٹن ہال میں نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے منعقد ہ خیبرپختونخوا رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا فائنل گزشتہ روز نیشنل بنک کے مراد علی اور پشاور کے ندیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں نیشنل بنک کے مراد علی نے دلچسپ مقابلے کے بعد ندیم خان کو 21-17,19-21 اور21-18 سے شکست دی جبکہ خواتین سنگل میں صوابی کی عارفہ نے اپنی ہی بہن اقصیٰ کو 2-1 سے شکست دی ، مردوں کے ڈبل کیٹگری میں مراد علی اور ندیم کی جوڑی نے پولیس کے طاہر اور مسعود کو 21-19,17-21 اور21-15 سے شکست دی اسی طرح مکس ڈبل میں مراد علی اور عارفہ نے مسعود اور اقصیٰ کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

آرگنائزنگ سیکرٹری میاں صداقت شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے 100 سے زائد مرد وخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں مینز سنگل ، مینز ڈبل ، ویمن سنگل اور مسکس ڈبل کے مقابلے منعقد کرائے ۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے تمام کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن اسی طرح کے ٹورنامنٹ منعقد کرائے گی ۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاست کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ اور ترقی پر بھی بھرپور توجہ دی انہوں نے کہا کہ این پی کے دور میں نامساعد حالات کے باوجود نیشنل گیمز اور انٹر پروانشل گیمز جیسے میگا ایونٹ منعقد کرائے جو کہ ایک ریکارڈ ہے لیکن موجود ہ حکومت نے ابھی تک کوئی میگا ایونٹ منعقد نہیں کرائے جو کہ ان کی سب سے بڑی ناکامی ہے ۔