مولانا فضل الرحمن کا بھارت کی جانب سے مذاکرات کو ملتوی کرنے پر افسوس کا اظہار

پیر 24 اگست 2015 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھارت کی جانب سے مذاکرات کو ملتوی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے امن مذاکرات کے انکار سے خطے میں کشیدگی کم نہیں ہوگی۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ھٹ درمی کا رویہ کشیدگی کو اور بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک اور قانونی زبان کا سہارا لیکر ہندوستان نے مذاکرات کرنے کا موقع گنوا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماوٴں سے سماجی رابطے کو بہانہ بنا کر مذاکرات سے انکار ، دراصل بات چیت کو مشروط بنا نا تھا۔انہوں نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ دہشت گردی کی اصل وجہ کشمیر میں بھارت کی بربریت اور پاکستان میں را کا پھیلایا ہوا پراکسی جنگ ہے۔ لہذا کشمیر پر بات چیت سے انکار ہی دراصل دہشت گردی پر بات چیت سے انکار ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان نے مذاکرات کو مشروط کرنے کی بھارتی کوشش کو مسترد کیا اور بلیک میل نہیں ہوا۔