Live Updates

باکسنگ کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرینگے ، پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت دینے کے حوالے سے عامر خان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،پاکستان میں باکسنگ سمیت ہر کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی معروف باکسر عامر خان سے ملاقا ت میں گفتگو

شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں ، عامر خان

پیر 24 اگست 2015 22:36

باکسنگ کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرینگے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ باکسنگ کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرینگے ، پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت دینے کے حوالے سے عامر خان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،پاکستان میں باکسنگ سمیت ہر کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ وہ پیرکویہاں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

جس میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے باکسنگ کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ باکسر عامر خان کی باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں سے پاکستانی عوام کو بھی خوشی ہوتی ہے کیونکہ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ سمیت ہر کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو نکھار کر آگے لایا جائے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں باکسنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے عامر خان کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کریں گے کیونکہ باکسنگ کے میدان میں پاکستانی باکسرز کو جدید تربیت کی ضرورت ہے ۔

ہمیں خوشی ہوگی کہ عامر خان پاکستانی باکسرز کو تربیت فراہم کریں، اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کر انتہاپسندی کے رجحانات کو ختم کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں اور قصبوں میں خالی سرکاری زمینوں پر کھیلوں کے نئے میدان اور سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔

سپورٹس سنٹرز اور جمنازیمز میں کھیلوں کی جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور ان اقدامات کا مقصد نوجوانو ں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ان کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔باکسر عامر خان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثبت کام کر رہے ہیں اور میں پاکستانی باکسرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کا خواہاں ہوں۔ صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد، صوبائی سیکرٹری کھیل، باکسر عامر خان کے والد سجاد خان اور بھائی طاہر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات