بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے ،پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو کسانوں کے مسائل اجاگر کرنے کی ہدایت

پیر 24 اگست 2015 22:42

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر کی شام اسلام آباد پہنچ گئے۔ اسلام آباد پہنچ کر انہوں نے پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ پارلیمنٹ میں کسانوں کے مسائل کو اٹھائیں۔ اپنے اسلام آباد کے قیام کے دوران پارٹی چیئرمین پارٹی کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کے مختلف ایشوز پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور فاٹا کے پارٹی کے صدر اخونزادہ چٹان نے اپنے صاحبزادے کے ساتھ پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی۔ پارٹی چیئرمین نے اخونزادہ چٹان اور ان کے صاحبزادے کو مشکل حالات کے موقع پامردی سے مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ اخونزادہ چٹان کے بیٹے کو چند روز پہلے اغوا کر لیا گیا تھا اور تین روز قبل وہ بازیاب ہوگئے تھے۔ رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، شہلا رضا، سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کندی، ترجمان سینیٹر فرحت اﷲ بابر اور سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم نے بھی پارٹی چیئرمین سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پرپی پی پی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن بھی موجود تھیں۔