بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دوطرفہ مذاکرات کامیاب ہوتے دکھائی نہیں دیتے،خطے میں امن کی خاطر بین الاقوامی برادری کشمیر کے مسئلے پر اپنا مثبت کردار ادا کرے،دھونس دھاندلی سے کشمیری عوام دبنے والی نہیں ہے

گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 24 اگست 2015 23:04

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) گورنر گلگت بلتستان اوروفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے پاک بھارت مذاکرات سے متعلق بھارتی حکومت کے رویے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت بھارت پاکستان سے مذاکرات میں مخلص نہیں ہے اور مذاکرات سے قبل ہی بھارتی میڈیا اور بھارتی حکومت کے پروپیگنڈے سے بھارتی عزائم کھل کر واضح ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی حکومت دل سے یہ خیال نکال دے کہ کشمیر کے بغیر کسی قسم کے مذاکرات کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ ِ رگ ہے اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوں جوں بھارت کشمیر کے مسئلے کو پس پست ڈالنے کی کوشش کررہا ہے یہ مسئلہ اسی طرح بین الاقوامی سطح پر زیادہ اجاگر ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی برادری کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہے۔ برطانیہ میں کشمیریوں کے حقوق کے لیے ملین مارچ اور برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کا مسئلہ پہلی دفعہ زیر بحث آنا کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابیاں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت جیسے جیسے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے بازار گرم کرے گا اسی طرح کشمیر کی تحریک آزادی کو زیادہ تقویت مل رہی ہے اور بین الاقوامی سطح پر یہ مسئلہ زیادہ توجہ حاصل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ تو مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی مظالم سے دبنے والی ہے او رنہ ہی آزاد کشمیر کی عوام بھارت کی LOCپر فائرنگ سے خوف زدہ ہونے والی ہے۔ بھارت جس طرحLOCکے اس پار نہتے اور معصوم لوگوں پر گولیاں برسا رہا ہے یہ اس کے غاصبانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ درحقیقت مودی سرکارپاکستان میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور پاک چین اقتصادی راہداری جیسے میگا پراجیکٹس سے سخت خائف ہے اور پاکستان میں امن کوسبوتاژکرنے کے لیے LOCپر فائرنگ سمیت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں مصروف ہے۔

پاکستان نے بلوچستان اور کراچی میں ہندوستان کی مداخلت کے ثبوت اکٹھے کر لیے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ان ثبوتوں کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے دُنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوجائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری خصوصی طور پر UN، یورپی یونین اور امریکہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے فعال اور مثبت کردار ادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :