پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کی بحالی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کچھ نہیں کر سکتی،ظہیر عباس نے بھی جواب دیدیا

منگل 25 اگست 2015 11:10

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کی بحالی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کچھ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء ) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر ظہیر عباس نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کی بحالی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کچھ نہیں کر سکتی کیونکہ یہ دوطرفہ معاملہ ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا فیصلہ کرنا دونوں ملکوں کا کام ہے، اگر یہ دونوں ملک کھیلنے کا فیصلہ کریں گے تو سیریز ہوجائے گی لیکن اس ضمن میں آئی سی سی کچھ نہیں کر سکتی۔

انھوں نے کہا کہ تعلقات میں بہتری اچانک نہیں ہو جاتی، انھیں معمول پر آنے میں وقت لگتا ہے۔ تاہم کرکٹ کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ پڑوسی ملک ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کرکٹ پر دنیا بھر کی نظریں رہتی ہیں اور یہ کرکٹ ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات کی منسوخی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم رہ گئے ہیں۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہو جاتے تو پھر شاید ماحول بہتر ہو جاتا اور کرکٹ روابط کی بحالی بھی ہو سکتی تھی لیکن مذاکرات کی منسوخی نے کرکٹ سیریز کی امیدوں کو بھی کم کر دیا ہے۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے بارے میں ظہیرعباس نے کہا کہ جب یہاں حالات بہتر ہوتے چلے جائیں گے تو یقیناً غیرملکی ٹیمیں پاکستان کے دورے پر آئیں گی۔سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹروں کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کے بارے میں ظہیر عباس نے کہا کہ اس کا انحصار پاکستان کرکٹ بورڈ پر ہے کہ وہ اس بارے میں کیا فیصلہ کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :