الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کل مجوزہ شیڈول جاری کرے گا

منگل 25 اگست 2015 13:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کل (بدھ) کو مجوزہ شیڈول جاری کرے گا‘ بلدیاتی انتخابات میں ایم این اے‘ ایم پی اے‘ وزراء‘ وزیراعظم پر الیکشن مہم چلانے پر پابندی ختم ہونے پر الیکشن کمیشن نے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب بلدیاتی انتخابات کے لئے کل (بدھ) کو انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے صوبائی صدر منصور سرور خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی جس پر لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم‘ وزراء‘ ایم این ایز اور ایم پی ایز پر انتخابی مہم چلانے پرپابندی ختم کر دی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن شدید تحفظات ہیں کیونکہ انتخابی مہم میں وزیراعظم اور وزراء‘ ایم این ایز اور ایم پی ایز اثر انداز ہونگے جس کی وجہ سے انتخابی نتائج تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دی گئی ہے جس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے تاہم کل(بدھ) کو الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے مجوزہ شیڈول جاری کرے گا۔