بھارتی میڈیا نریندر مودی کی پاکستان کے متعلق پالیسی پر برس پڑا

منگل 25 اگست 2015 14:57

بھارتی میڈیا نریندر مودی کی پاکستان کے متعلق پالیسی پر برس پڑا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) بھارتی میڈیا نریندر مودی کی پاکستان کے متعلق پالیسی پر برس پڑا ۔ ہندوستان ٹائمز کے ادارئیے کے مطابق نریندر مودی کی پالیسی سے صرف زہریلے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔مشیرخارجہ سطح پر مذاکرات کی منسوخی سے بھارت کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی جس کے بعد خود بھارتی اخبارات مودی کی پاکستانی پالیسی کو آڑھے ہاتھوں لینے لگے ۔

ہندوستان ٹائمز میں لکھے گئے اداریے کے مطابق مذاکرات کے ایجنڈے اور کشمیری رہنماوٴں کے بارے میں مودی سرکار کی پالیسی سے زہریلے اثرات مرتب ہوئے۔اخبار کے مطابق پاکستان کا حریت رہنماوٴں سے ملاقات کرنا یقینی تھا یہ تصور ہی غلط تھا کہ پاکستان صرف اپنے اوپر دہشت گردی کے الزامات سننے کیلئے مذاکرات کریگا۔

(جاری ہے)

اگر پاکستان دہشت گرد ہے تو اوفا ملاقات کیوں کی گئی؟ ہندوستان ٹائمز کے مطابق مودی کی پالیسی سے پاکستان میں بھارت کے مخالفین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

اخبار نے مودی کو پاکستان میں کسی بھی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو بھارتی طیاروں یا کمانڈرز کا واپس لوٹنا آسان نہیں ہوگاادارئیے کے مطابق اگر بھارت دہشت گردی کے کسی واقعے پر امریکا یا عالمی برادری کا دروازہ کھٹکھٹائیگا تو وہاں سے جواب موصول ہوگا کہ اگست میں سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھی تو خود ہی منسوخ کیے تھے۔ہندوستان ٹائمز نے نریندر مودی کی پالیسی کو بھارت کیلئے خطرہ قرار دیا ۔