ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ،شیلی این فریزر پرائس نے جیت لی

منگل 25 اگست 2015 15:10

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ،شیلی این فریزر پرائس نے جیت لی

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء)ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جمیکا کی خاتون ایتھلیٹ شیلی این فریزر پرائس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سو میٹرز ریس جیت لی۔ جمیکن سپر اسٹار یوسین بولٹ آج دو سو میٹرز ریس کے لیے ایک مرتبہ پھر برڈز نیسٹ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاری پندرہویں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جمیکا کی خاتون ایتھلیٹ شیلی این فریزر پرائس نے ویمنز سو میٹرز ایونٹ جیت کر تیسرا ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈبل اولمپک چیمپئن نے مقررہ فاصلہ دس اعشاریہ سات چھ سیکنڈز میں پورا کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ہالینڈ کی ڈیفن شیپرز نے دس اعشاریہ آٹھ ایک سیکنڈز کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا۔ امریکا کی ٹوری بوائی نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ انھوں نے مقررہ فاصلہ دس اعشاریہ آٹھ چھ سیکنڈز میں طے کیا۔جبکہ کینیا کی ویویان چیوروٹ نے ویمنز دس ہزار میٹر ریس میں پہلا نمبر حاصل کرلیا۔ انھوں نے مقررہ فاصلہ اکتیس منٹ اکتالیس اعشاریہ چار ایک سیکنڈز میں طے کرکے میدان مارلیا۔جمیکن اسٹار یوسین بولٹ آج دو سو میٹرز ریس میں حصہ لینے کیلئے ایک مرتبہ پھر برڈز نیسٹ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ بولٹ سو میٹر ریس میں ورلڈ ٹائٹل کا دفاع پہلے ہی کر چکے ہیں۔