الیکشن کمیشن ارکان کو آٹھ لاکھ روپے ماہانہ مل رہے ہوں تو مستعفی کیسے ہونگے ؟خورشید شاہ

منگل 25 اگست 2015 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیدخورشید شاہ نے ایک بارپھرالیکشن کمیشن کے ارکان سے مستعفی ہونے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ارکان کو آٹھ لاکھ روپے ماہانہ مل رہے ہوں تو مستعفی کیسے ہونگے ؟ سردار ایاز صادق سپریم کورٹ میں جانے کے بجائے عوام کی عدالت میں جائیں ‘ کراچی میں آپریشن جاری رہنا چاہیے ‘ ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان متنازعہ ہوچکے وہ باعزت طریقہ سے استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے مطالبہ کو پروان نہیں چڑھارہا یہ میرا اپنا مطالبہ ہے ،جواس سے قبل بھی کرچکاہوں۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے بتایا کہ ایاز صادق تحریک انصاف سے بدلہ لے سکتے تھے، مگر نہیں لیا میں ایازصادق کے اس عمل کو سراہتا ہوں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سعد رفیق کو بھی عوام کی عدالت میں جانے کا کہا تھا اگروہ بات مان لیتے تو ایاز صادق کے ساتھ ایسا نہ ہوتا۔ایم کیوایم اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ وہ مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لئے دعاگوہیں،ہم بھی سمجھتے ہیں مانیٹرنگ کمیٹی کاقیام ضروری ہے تاہم کراچی آپریشن کوبھی جاری رہناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ آپریشن کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے، سیاستدانوں کی اندرونی لڑائی سے ریاست کو خطرہ ہے ‘ایم کیو ایم کے استعفے واپس ہوجانے چاہئیں، اْمید ہے متحدہ سیاسی تدبر کا مظاہرہ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :