حکومت اور متحدہ کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق،تحفظات دورنے کیلئے14 رکنی کمیٹی تشکیل

کمیٹی کی تشکیل ڈرافٹ کی تیاری شروع،حتمی منظوری وزیر اعظم وطن واپسی پر دیں گے

منگل 25 اگست 2015 17:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) حکومت اور ایم کیو ایم نے استعفوں کے معاملے پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ متحدہ کے تحفظات کو دور کرنے کیلئے 14کمیٹی تشکیل دینے پر دونوں فریقین نے رضامندی ظاہر کی ہے،کمیٹی کی تشکیل کیلئے ڈرافٹ کی تشکیل شروع کر دی گئی،وزیر اعظم نواز شریف دورہ قازقستان کی واپسی پر کمیٹی کیلئے حتمی منظوری دیں گے،ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم اورحکومت کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور پنجاب ہاؤس میں ہوا،منگل کے روز متحدہ کا وفد پارٹی کنوینئر فاروق ستار کی سربراہی میں پنجاب ہاؤس پہنچا ،وفد میں بیرسٹر سیف ،نوید جمیل ،وسیم اختر شامل تھے جبکہ حکومتی وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید شامل تھے،ایم کیو ایم وفد کے حکومتی ٹیم کے ساتھ 2 گھنٹے سے زائد مذاکرات جاری رہے جس میں ایم کیو ایم نے استعفوں کے حوالے سے اپنے تحفظات کھل کر حکومتی ٹیم کے سامنے رکھے جبکہ اس حوالے سے الطاف حسین کے خدشات بھی وزیر خزانہ کو بتائے گئے،متحدہ وفد نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومتی وفد سے مثبت بات چیت ہوئی ہے اور حکومت نے ہمارے مطالبات تفصیل سے سنے ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں کراچی میں آپریشن پر کوئی تحفظات نہیں ہیں تاہم اس آپریشن کا رخ صرف اورصرف ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے اور ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ سینکڑوں کارکن بھی غائب کر دیئے گئے ہیں اور ان کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں لایا جارہا ہے ،ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کراچی آپریشن کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ جو ہمارے کارکن جیلوں میں ہیں ان کی فہرست بھی ہمیں دی جائے اور غائب ہونے والے کارکنوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے،ذرائع نے بتایا کہ وزیر اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ متحدہ کی جانب سے تمام جائز مطالبات کو حکومت من وعن تسلیم کرے گی اور ان کا ازالہ بھی کیا جائیگا، حکومت نے متحدہ کے وفد سے مطالبات کو حل کرنے کیلئے مزیدوقت مانگ لیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور ایم کیو ایم نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ متحدہ کے مطالبات کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ایک 14 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ،کمیٹی میں غیر جانبدار افراد کو شامل کیا جائیگا جس میں ججز اور ٹیکنو کریٹس بھی شامل ہوں گے،کمیٹی کی تشکیل کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے جس کی حتمی منظوری وزیر اعظم نواز شریف دورہ قازقستان کے وطن واپسی کے بعد دیں گے،کمیٹی ایم کیو ایم کے تحفظات کا بغور جائزہ لے گی اور ان کا آئین و قانون کے مطابق حل نکالے گی

متعلقہ عنوان :