خورشید شاہ کا الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

الیکشن کمیشن کے ارکان متنازع ہوگئے ہیں،باعزت گھر چلے جائیں، ایاز صادق نے ٹربیونل کے فیصلے کو تسلیم کیا، ان کو سپریم کورٹ نہیں عوام کی عدالت میں جانا چاہیے،قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف کابیان

منگل 25 اگست 2015 17:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف سید خورشید شاہ نے الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان متنازع ہوگئے ہیں،باعزت گھر چلے جائیں، ایاز صادق نے ٹربیونل کے فیصلے کو تسلیم کیا، انہیں سپریم کورٹ نہیں بلکہ عوام کی عدالت میں جانا چاہیے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ارکان متنازع ہوگئے ہیں،باعزت گھر چلے جائیں،پہلے ہی کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ارکان استعفیٰ دیں، ارکان کو آٹھ لاکھ روپے مہینہ کے مل رہے ہیں وہ کیسے استعفیٰ دیں، میں عمران خاں کے مطالبے کوپروان نہیں چڑھا رہا بلکہ یہ میرا اپنا موقف اور نقطہ نظر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سردار ایاز صادق تحریک انصاف سے بدلہ لے سکتے تھے مگر انہوں نے نہیں لیا، میں بدلہ نہ لینے کے ان کے جذبے کو سراہتاہوں، ایاز صادق نے ٹربیونل کے فیصلے کو تسلیم کیا، انہیں سپریم کورٹ نہیں بلکہ عوام کی عدالت میں جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ، فاروق ستار اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، امید ہے کہ ایم کیو ایم کے استعفے واپس ہو جائیں گے، کراچی آپریشن کو جاری رہنا چاہیے تا کہ وہاں بھی امن قائم ہو سکے