صدر سردار یعقوب سے وزراء حکومت ماجد خان اور محمد حسین سرگالہ کی ملاقات ‘ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آباد کشمیری مہاجرین کی آباد کاری ‘ جھنگ اور گرد و نواح میں مہاجرین کے مکانات گرائے جانے اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 25 اگست 2015 17:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے وزراء حکومت ماجد خان اور محمد حسین سرگالہ کی ملاقات ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں آباد کشمیری مہاجرین کی آباد کاری ، جھنگ اور گرد و نواح میں مہاجرین کے مکانات گرائے جانے اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ، اس موقع پر جھنگ سے زاہد ایڈووکیٹ اور چوہدری آفتاب کی قیادت میں ایک بڑا وفد بھی موجود تھا ۔

جس نے مہاجرین کی زمینوں پر قبضے، آلاٹیوں کو مکانات نہ بنانے دینے سمیت مہاجرین کشمیر کو درپیش مسائل پیش کیے ۔ جس پر صدر آزاد کشمیر نے وزیر بحالیات ماجد خان کو ذمہ داری سونپی کہ وہ ان معاملات کو حکومت پنجاب سے رابطہ کر کے یکسو کرائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میں تمام معاملات سے باخبر ہوں اور چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر کی ملاقات کروا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر بحالیات نے کہا کہ جھنگ سے ایک رکن پنجاب اسمبلی وہاں قبضہ گروپوں کی سر پرستی کر رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ خصوصا ً کمشنر فیصل آباد ان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے ۔ قبضہ گروپ کے 100 سے زیادہ افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں لیکن مقامی پولیس اور انتظامیہ ان کے خلاف کسی اقدام سے گریزاں ہے ۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد بھی موجود تھیں ۔

انہوں نے بھی اس معاملے کو حکومت پنجاب اور صوبائی اسمبلی میں اٹھانے کا یقین دلایا ۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ مہاجرین کے لیے زمینیں حکومت آزاد کشمیر نے حاصل کر کے الاٹمنٹ کی ہے ۔ جس پر قبضہ کرنا کسی طور پر جائز نہیں ۔ قبضہ گروپ کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے حکومت پنجاب پر زور دیا کہ وہ مہاجرین کے مسائل حل کرے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر مہاجرین خود کو لا وارث نہ سمجھیں۔ ان کے مسائل کے حل کے لیے میں خود حکومت پنجاب کے ساتھ معاملہ اٹھاؤں گا۔ صدر آزاد کشمیر نے زاہد ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد کو یقین دلایا کہ ان کا مسئلہ حل کروایا جائے گا۔ وزیر بحالیات خود معاملات کی نگرانی کریں گے ۔ دریں اثناء رکن پنجاب اسمبلی محترمہ تحسین فواد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے انہیں خوش آمدید کیا اور کہا کہ کشمیر اور پنجاب کے عوام گہرے مذہبی ، سماجی ، ثقافتی اور خونی رشتوں میں منسلک ہیں۔ پنجاب کے ہر شہر میں کشمیری مہاجرین بڑی تعداد میں آباد ہیں ۔ اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :