بدعنوان نہیں اور فٹبال میں کوئی بدعنوانی نہیں ہے، فیڈریشن میں کچھ لوگ خراب ہو سکتے ہیں لیکن اس کیلئے مجھے ذمہ دار نہیں ٹھرایا جا سکتا،دو ہزار دس کا فٹبال ورلڈ کپ شفاف ترین عالمی کپ تھا،فٹبال کی عالمی تنظیم( فیفا)کے سابق صدر سیپ بلاٹر

منگل 25 اگست 2015 18:36

بدعنوان نہیں اور فٹبال میں کوئی بدعنوانی نہیں ہے، فیڈریشن میں کچھ لوگ ..

میونخ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) فٹبال کی عالمی تنظیم( فیفا) کے سبکدوش ہونے والے صدر سیپ بلاٹر نے کہا ہے کہ وہ بدعنوان نہیں اور فٹبال میں کوئی بدعنوانی نہیں ہے۔سیپ بلاٹر انیس سو اٹھانوے سے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر ہیں اور وہ فیفا میں کرپشن کے الزامات کے تحت ہونے والی تحقیقات کے دوران آئندہ برس فروری میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

فیفا نے رواں برس مئی میں اناسی سالہ سیپ بلاٹر کو پانچویں بار صدر منتخب کیا تھا۔ سیپ بلاٹر نے کہا کہ انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ وہ فیفا کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتنے مضبوط ہیں کہ اپنی حفاظت کر سکیں۔ بلاٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو کیا اور جو نہیں کیا اس کا انہیں علم ہے۔

(جاری ہے)

وہ جانتے ہیں کہ وہ ایماندار آدمی ہیں، وہ بدعنوان اور پریشان نہیں ہیں۔

سیپ بلاٹر نے فیفا کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فیفا میں ادارے کے طور پر کوئی بدعنوانی نہیں ہے۔ ہاں کچھ لوگ خراب ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں ذمہ دار نہیں ٹہرایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار دس کا فٹبال ورلڈ کپ شفاف ترین عالمی کپ تھا۔واضح رہے کہ رواں برس مئی میں زیورخ میں ایک ہوٹل میں پولیس چھاپے کے بعد فیفا کے سات اہم اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد فیفا بدعنوانیوں کے الزامات میں گھر گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :