Live Updates

تحریک انصاف پارلیمانی سیاست میں ناکام ہو چکی ،سڑکوں اور چوراہوں کی سیاست چھوڑ کر عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے ، (ن) لیگ

پی ٹی آئی جوڈیشل کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، قوم کو ایک بار پھر بے وقوف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، خیبر پختونخوا حکومت نے ہائیڈل پاور کے 30 ارب روپے کے فنڈ سے سٹاک مارکیٹ میں سٹہ کھیلا، ذمہ داروں کیخلاف دو ہفتے میں کارروائی نہ کی گئی تو ہم اپنا اقدام اٹھائیں گے، دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری کی پریس کانفرنس

منگل 25 اگست 2015 21:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو سڑکوں اور چوراہوں کی سیاست چھوڑ کر عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے اور خدمت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی سیاست میں ناکام ہو چکی ہے ، جوڈیشل کمیشن میں کوئی ثبوت پیش نہ کرسکنے کے باوجود قوم کو ایک بار پھر بے وقوف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، خیبر پختونخوا حکومت نے ہائیڈل پاور کے 30 ارب روپے کے فنڈ سے سٹاک مارکیٹ میں سٹہ کھیلا، ذمہ داروں کیخلاف دو ہفتے میں کارروائی نہ کی گئی تو ہم اپنا اقدام اٹھائیں گے ۔

منگل کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا سینٹر میں مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے نہ صرف ملک میں جمہوریت کی مخالفت کی جا رہی ہے بلکہ آئینی اداروں کی بھی توہین کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو الیکشن کمیشن کے کسی رکن کے بارے میں اعتراض یا اختلاف ہے تو اس کیلئے دفعہ 215کی شق 2 میں طریقہ کار موجود ہے یہ کوئی طریقہ نہیں کہ اسلام آباد کو بند کر دیں اسمبلی پر حملہ کریں یا باہر سے آنیوالے رہنماؤں کے دوروں میں رکاوٹ ڈالیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این اے 154 کے الیکشن میں مسلم لیگ کا امیدوار تو تیسرے نمبر پر تھا یہاں کس نے میچ فکسنگ کی کیا مسلم لیگ ن نے آزاد امیدوار کو جتوایا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کے حالیہ فیصلہ میں کاظم ملک نے کہا ہے کہ ایاز صادق گناہگار نہیں ہیں اسی طرح سعد رفیق کے حلقے سے متعلق بھی یہی کہا گیا ووٹوں میں اگر کہیں بے ضابطگی یا کوتاہی ہوئی تو ن لیگ کیسے ملوث ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چھ ارکان اسمبلی اب بھی سپریم کورٹ کے سٹے پر چل رہے ہیں کوئی بھی عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد پبلک پراپرٹی بن جاتا ہے جس پر رائے دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی سیاست میں ناکام ہوچکی ہے انہوں نے منتخب ہونے کے بعد قوم سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے سڑکوں چوراہوں میں سیاست کرنا چاہتے ہیں اگر عمران خان وزیراعظم بننا چاہتے ہیں تو عوام کی خدمت کریں اور کئے گئے وعدے پورے کریں ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والوں نے شرم اور استعفوں کے رجسٹر رکھے ہوئے ہیں کوئی شخص یا عہدیدار ایسا نہیں جس سے انہوں نے استعفیٰ نہ مانگا ہو ۔ یہ ان رجسٹروں کو تالا لگا کر الماری میں رکھ دیں اور عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا چیئرمین کی تعیناتی مشاورت سے کی گئی اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا بیان ایوان کے ریکارڈ پر ہے ۔

دانیال عزیز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور کے فنڈ سے سٹاک مارکیٹ میں سٹہ کھیلا اور بڑے لوگوں کی کمپنیوں کے شیئر خریدتے رہے اور 30 ارب روپے کا فنڈ غیر قانونی طور پر استعمال کیا کیا گیا جس کا ثبوت کے پی کے حکومت کی اپنی دستاویزات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دو ہفتے میں ذمہ داروں کیخلاف انہیں خود ایکشن لینا چاہئے ذمہ داروں کیخلاف دو ہفتے میں کارروائی نہ کی گئی تو ہم اپنا اقدام اٹھائیں گے ۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نے 2 سال تک قوم کو ہیجان میں مبتلا رکھا ، 126 دن تک دھرنا دیا بعد میں جوڈیشل کمیشن کے سامنے کسی شخصیت یا ادارے کیخلاف ثبوت پیش نہیں کر سکے ۔ اب دوبارہ وہ ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں اور اداروں اور انتخابی عمل کو سوالیہ نشان بنانا چاہتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات