کے الیکٹرک " کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں بلا جواز، ناجائز اضافے اورصارفین کو اضافی بل بھیجنے پررابطہ کمیٹی کا اظہارمذمت

ادارے کو نجی تحویل میں دیتے وقت یہ معاہدہ کیا گیا تھا کہ " کے الیکٹرک "آنے والے سات سال تک بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کرے گی،رابطہ کمیٹی ایم کیوایم

منگل 25 اگست 2015 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے " کے الیکٹرک " کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں بلا جواز، ناجائز اضافے اورصارفین کو اضافی بل بھیجنے کی شدید ترین مذمت کی ہے اور اس اقدام کو اہلیان کراچی کے ساتھ کھلی دشمنی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک جانب " کے الیکٹرک "کے صارفین مہنگی ترین بجلی استعمال کررہے ہیں اور دوسری طرف " کے الیکٹرک " کی جانب وقفے وقفے سے کی جانے والی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری مسلسل پریشانی اور مسائل کاشکار ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ " کے الیکٹرک "کو نجی تحویل میں دیتے وقت یہ معاہدہ کیا گیا تھا کہ " کے الیکٹرک "آنے والے سات سال تک بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں کرے گی اور شہر کراچی کی ضروریات کے مطابق مزید بجلی پیدا کرنے کے لئے نئے یونٹس لگائے گی لیکن اس کے برعکس نہ ہی مزیدبجلی پیدا کرنے کے لئے کسی قسم کے اقدامات کئے گئے اورنہ ہی ’’کے الیکٹرک‘‘نے شہریوں کو بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں اور تیکنیکی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے اپنی ذمہ داری کو پورا کیا بلکہ بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے اور اضافی بلنگ کے ذریعے کراچی کے عوام کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ " کے الیکٹرک "اہلیان کراچی کوبلاتعطل بجلی کی فراہمی میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور ناکامیوں کا ازالہ کرنے اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے " کے الیکٹرک "نے اپنی ماضی روش اختیار کی ہوئی ہے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹر ک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اوراضافی بلنگ کا نوٹس لیاجائے اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو بجلی کی مسلسل ترسیل کے لئے اس میں حائل رکاوٹوں اور تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے کا سختی سے پابند کیاجائے ۔