اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی‘ متعلقہ ادارے سائن بورڈز اور بل بورڈز ہٹا کر رپورٹ پیش کریں،سپریم کورٹ کاکراچی میں سائن بورڈز اور بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکم

بدھ 26 اگست 2015 11:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں سائن بورڈز اور بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت میں حکم دیا ہے کہ اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی‘ متعلقہ ادارے سائن بورڈز اور بل بورڈز ہٹا کر رپورٹ پیش کریں۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں سائن بورڈ اور بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت میں کلفٹن‘ فیصل کورنگی‘ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیہ کراچی سمیت دیگر اداروں نے رپورٹ پیش کردی۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ کسی بھی ادارے کی رپورٹ عدالت کو مطمئن نہیں کرسکی شہر کے تمام غیر قانونی بورڈنگ اور بل بورڈز ہٹا دیئے جائیں عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

سائن بورڈز اور بل بورڈز ہٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کیا شہر بغیر ہورڈنگز کے نہیں چلایا جاسکتا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ بیس بیس اور ساٹھ ساٹھ فٹ کے ہورڈنگز لگا دیئے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ان اداروں کے سربراہ جواب دہ ہونگے۔ اس معاملے کی سماعت اب چار ہفتوں بعد کراچی میں ہی کی جائے گی۔