پاکستان اور قازقستان میں فوجی تربیت سے متعلق تعاون مشترکہ تجارتی کونسل کے قیام سمیت مختلف سمجھوتے طے

بدھ 26 اگست 2015 15:17

آستانا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) پاکستان اور قازقستان کے درمیان فوجی تربیت سے متعلق تعاون مشترکہ تجارتی کونسل کے قیام سمیت مختلف سمجھوتے طے پا گئے، وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی فورسز پر قازقستان کی حمایت جاری رکھیں گے، خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کے حامی ہیں،قازقستان کو اقتصادی راہداری منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی، ایس سی او کی رکنیت کیلئے قازقستان کی حمایت پر شکرگزار ہیں، قازقستان سے گیس اور پٹرول کی درآمد کا خیر مقدم کریں گے،قازقستان کے صدر نے کہا کہ اقتصادی راہداری باہمی تجارت اور روابط بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، پاکستان سے ٹیکسٹائل، توانائی اور فوجی سازوسامان اور سائنس کے شعبوں میں تعاون کریں گے، وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں معاشی اصلاحات قابل تعریف ہیں، حکومت پاکستان کی موثر پالیسیوں کے باعث سیاسی و معاشی استحکام آ رہا ہے، نوازشریف ملک کو ترقی کی جانب لے جا رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے قازقستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیراعظم نواز شریف کے قازقستان کے شہر آستانا میں ایوان صدر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ ایوان صدر میں وزیراعظم نواز شریف اور قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف سے ون آن ون ملاقات ہوئی،جس میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قازقستان برادر اسلامی ملک اور میرے لئے دوسرے گھر جیسا ہے، قازقستان کے ویژن کو سراہتے ہیں، آستانا شہر کی تعمیر قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف کے ویژن کا عکاس ہے، پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،قازقستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی اور تجارتی روابط چاہتے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی حجم میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔

قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور قازقستان تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان ان پہلے ملکوں میں سے ہے جنہوں نے آزادی کے بعد ہمیں تسلیم کیا، پاکستان کے ساتھ دوستی کی قدر کرتے ہیں،پاکستان میں معاشی اصلاحات قابل تعریف ہیں، حکومت پاکستان کی موثر پالیسیوں کے باعث سیاسی و معاشی استحکام آرہا ہے،

نواز شریف ملک کو ترقی کی جانب لے جا رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی روابط چاہتے ہیں، انفراسٹرکچر کی کمی دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں حائل ہے۔

بعد ازاں دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نواز شریف جبکہ قازقستان کے وفد کی قیادت صدر نور سلطان نذربایوف نے کی۔ مذاکرات میں تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔پاکستان اور قازقستان کے درمیان فضائی روابط قائم کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات قائم کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔

مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن اور اقتصادی تعاون کا روڈ میپ متعین کرے گا۔ تاجروں کیلئے ویزہ کے حصول میں آسانی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان تیل اور گیس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھائیں۔ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔

جس میں وزیراعظم نواز شریف اور صدر نور سلطان نذربایوف نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت سے متعلق تعاون کا معاہدے طے پایا،معاہدے پر قازقستان میں پاکستان کے سفیر عبدالمالک اور قازقستان کے نائب وزیر دفاع نے دستخط کئے۔ پاکستان قازقستان مشترکہ تجارتی کونسل کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، پاکستان کی وفاق ہائے صنعت و تجارت کے صدر محمد ادریس قازقستان کے بین الاقوامی تجارت کے ایوان کے چیئرمین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

پاکستان اور قازقستان کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط ہوئے۔ اعلامیے پر وزیراعظم نواز شریف اور قازقستان کے صدر نور سلطان نذربایوف نے دستخط کئے۔ تقریب کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور قازقستان کے صدرنور سلطان نذربایوف نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی، جس میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ شاندار میزبانی اور استقبال پر قازقستان کے عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں، قازقستان کے عوام کیلئے پاکستانی بھائیوں کی جانب سے دوستی کا پیغام لایا ہوں، امن و ترقی کیلئے قازقستان کا کردار قابل ستائش ہے، قازقستان کا سیاسی استحکام اور معاشی ترقی قابل تقلید ہے،صدر نور سلطان نذربایوف کا وژن قازقستان کی تعمیر و ترقی میں نظر آتا ہے، دعا ہے کہ برادر اسلامی ملک مزید ترقی کرے،قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی، تجارت، معیشت اور ہوائی رابطوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، قازقستان سے گیس اور پٹرول کی درآمد کا خیر مقدم کریں گے، دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے، علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے راہداری کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، قازقستان کو اقتصادی راہداری منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی ہے،قازقستان نے مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی رکنیت کیلئے قازقستان کی حمایت پر شکرگزار ہیں، اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر قازقستان کی حمایت جاری رکھیں گے، خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کے حامی ہیں، افغانستان میں افغان حکومت اور عوام پر مبنی مفاہمتی عمل کے حامی ہیں، قازقستان کے صدرنور سلطان نذربایوفکو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :