بلوچستان کی یوتھ کے لئے پی ایچ ڈی سکالر شپ کا اعلان‘وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فیصلہ کو سراہا

بدھ 26 اگست 2015 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے ترقی سوشل سائنسز منعقدہ اجلا س اور گوادرڈکلیریشن کے نتیجے میں کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی کے ریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے سالانہ پچاس سکالر شپ کا اعلان کیا۔ یہ اعلان ڈاکٹر جنید زیدی نے کامسیٹس اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے بعد کیا۔

اس اجلاس کی صدارت مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار محمد رضا نے کی جبکہ ڈاکٹر ناصر علی خان وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی، ڈاکٹر ہارون رشید سی ای او این ٹی ایس اور مرتضیٰ نور پروگرام کواڈینیٹرنے شرکت کی۔ انھوں نے اس موقع پر کوئٹہ میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام میں CIIT کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کا بھی یقین دلایا۔

(جاری ہے)

چیئرمین (IUCPSS) ڈاکٹر ناصر علی خان نے کہا کہ کنسورشیم اور اس کے شریک اداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے سکالرشپ کے ساتھ تعلیمی اداروں میں نشستیں بھی مختص کریں گے۔

انھوں نے اس سلسلے میں ریکٹر CIIT اور این ٹی ایس پاکستان کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیاجن کے تعاون سے بلوچستان یونیورسٹیز کے فیکلٹی ممبران کی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر سردار محمد رضا نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لئے CIIT اور IUCPSS کی کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے صوبوں میں تدریس اور تحقیق کے معیار کو بلند کرنے اور ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایچ ڈی سکالرشپ کے اس پروگرام سے نہ صرف صوبے کے نوجوان مستفید ہونگے بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ ملک کی سماجی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیصلہ کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان اور عوام کی جانب سے CIIT اور IUCPSS کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ سالانہ پچاس پی ایچ ڈی سکالرشپ کے اجراء سے صوبے میں ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور مستقبل میں مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :