Live Updates

عمران خان نے بے اُصولی اور غلط بیانی کی سیاست کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے‘وہ نوازشریف کے جمہوری طرزعمل سے سبق حاصل کریں ‘الیکشن ٹربیونل بھی الیکشن کمیشن کے تشکیل کردہ ہیں‘ دھاندلی کا واویلا کرنے کی بجائے عمران خان ایل اوسی پر بھارتی گولیوں کا نشانہ بننے والے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کا بیان

بدھ 26 اگست 2015 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے غیر جمہوری رویے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے بے اصولی اور غلط بیانی کی سیاست کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ،جب عدالت کا کوئی فیصلہ اُن کے حق میں آتا ہے تووہ اُس کو انصاف کے ذمرے میں گردانتے ہیں اور جب کوئی فیصلہ اُن کی خواہشات کے برعکس آتا ہے تو وہ ناانصافی اور الزام تراشی کا بازار گرم کر لیتے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تین ماہ تک دھرنا دینے کے بعد اور ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بعد جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے بھی اُنہوں نے کوئی سبق نہ سیکھا ہے۔ موجودہ دور میں شاہد ہی کوئی ایسی حکومت ہو کہ جس نے انتخابات میں دھاندلی کے نہادالزامات کے پیش نظر ایک جوڈیشل کمیشن بنایا ہواور دھاندلی ثابت ہونے پر حکومت چھوڑنے کا وعدہ کیا ہو۔

(جاری ہے)

لیکن اس کے برعکس عمران خان نے اپنے کسی بھی وعدے کی پاسداری نہیں کی۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو من وعن قبول کرنے کا وعدہ کیا لیکن بعد میں فیصلہ اُن کی خواہشات کے برعکس آنے پر اُنہوں نے جوڈیشل کمیشن پر تنقید شروع کر دی۔اُنہو ں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر ندامت سے بچنے کے لیے عمران خان نے ایک بار پھر الیکشن ٹربیونل کے چند ایک فیصلوں کا سہارا لے کر دھاندلی کا واویلا شروع کردیاہے اور اس ضمن میں وہ پھر سے دھرنے او ر دیگر غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے حکومت او ر الیکشن کمیشن کو ڈرانے دھمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جس الیکشن کمیشن کے خلاف سٹریٹ پاور استعمال کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں اسی الیکشن کمیشن کے بنائے ہوئے الیکشن ٹربیونل نے اُن کے حق میں فیصلہ دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیاسی پارٹیاں الیکشن کمیشن کو خطوط لکھ کر اپنی تجاویز اور تحفظات سے گاہے بگائے آگاہ کرتی ہیں لیکن یہ کسی سیاسی جماعت کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کرے یا اس کے ممبران کو مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈالے ۔

عمران خان کا یہ رویہ اُن کے آمرانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے عمران خان کومشور ہ دیا کہ وہ میاں محمدنواز شریف کے جمہوری طرز عمل سے کچھ سبق سیکھیں کہ جس طرح وزیراعظم نے تحریک انصاف پر استعفوں سے متعلق لٹکتی تلوار کو اپنے مدبرانہ سوچ اور مفاہمت کی پالیسی کے پیش نظر ٹالا اور تحریک انصاف کو موقع دیا کہ وہ پارلیمنٹ کے فورم پر آ کر اور جمہوری طرزعمل اپناتے ہوئے پاکستان کے انتخابی نظام کومزید شفاف اور بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں عمران خان کو دن رات انتخابات میں دھاندلی ہونے کے خواب دکھائی دیتے رہتے ہیں لیکن اُن کو کبھی فرصت نہیں ہوئی کہ وہ LOC پر بھارتی فائرنگ سے زخمی و شہید ہونے والے کبھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ہی اظہار کردیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات