پنجاب اور سندھ بلدیاتی انتخابات؛ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا

پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہو گی ، نوٹیفیکیشن جاری

بدھ 26 اگست 2015 18:37

پنجاب اور سندھ بلدیاتی انتخابات؛ الیکشن کمیشن نے پہلے مرحلے کا انتخابی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پہلے مرحلے کا انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہو گی ۔ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پہلے مرحلے کے شیڈلوں کا اعلان کرتے ہوئے 31 اکتوبر کو پنجاب کے 12 اور سندھ کے 8 اضلاع میں پولنگ کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔

پہلے مرحلے کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع میں گجرات ، چکوال ، لودھران ، وہاڑی ، فیصل آباد ، اوکاڑہ ، بہاولپور ، بھکر ، قصور ، ننکانہ صاحب اور پاکپتن شامل ہیں جبکہ سندھ کے 8 اضلاع میں سکھر ، خیرپور ، گھوٹکی ،کنڈکوٹ ، لاڑکانہ ، شکار پور ، قمبر ، شہدانا کوٹ ، جیکب آباد اور کشمور شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق امیدوار 7 سے 11 ستمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 سے 17 ستمبر تک کی جائے گی جبکہ امیدوار 24 ستمبر تک کاغذات نامزدگی پر اعتراضات جمع کروا سکتے ہیں جن کا جائزہ لینے کے بعد مسترد یا منظور کیا جائے گا جبکہ امیدوار یکم اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں ۔

2 اکتوبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 31 اکتوبر کو سندھ اور پنجاب میں پہلے مرحلے کے مطابق پولنگ کی جائے گی