پاکستان میں رائج نظام اور اسے چلانے والے ملکی ترقی میں رکاوٹ ہیں، ملک ریاض حسین

جب تک نظام چلانے والے ٹھیک نہیں ہونگے جسے مرضی حکمران بنالیں ملک ٹھیک نہیں ہوگا،ایک ہزار اور 5ہزار کا نوٹ کرپشن بانڈ ہیں ختم کردیا جائے، چیئرمین بحریہ ٹاؤن کا تقریب سے خطاب

بدھ 26 اگست 2015 21:11

پاکستان میں رائج نظام اور اسے چلانے والے ملکی ترقی میں رکاوٹ ہیں، ملک ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) بحریہ ٹاؤن کے چیئر مین ملک ریاض حسین نے پاکستان میں رائج نظام اور اسے چلانے وا لوں کو ملکی ترقی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نظام چلانے والے ٹھیک نہیں ہوں گے جسے مرضی حکمران بنالیں ملک ٹھیک نہیں ہوگا، ایک ہزار اور 5 ہزار کا نوٹ کرپشن بانڈ ہیں انہیں ملک سے ختم کردیا جائے، بدھ کواسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض نے کہا کہ پاکستان کو لیڈر چاہیے حکمران نہیں، پاکستان میں ڈیم بنناشروع ہوجائیں تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے اور لوگ سیلاب سے مرنا بند ہوجائیں گے،جو قومیں بحرانوں سے نہیں نکل سکتیں وہ ترقی نہیں کرسکتیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پینے کا صاف پانی نہیں، بچے اسکول نہیں جاتے، پاکستان میں 8 کروڑ بچے تعلیم اور 4 کروڑ بچوں کو خوراک میسر نہیں۔

(جاری ہے)

ملک ریاض نے کہا کہ وہ ملک میں 40 سال سے کاروبار کررہے ہیں، اس ملک کی ترقی میں صرف 2 رکاوٹیں ہیں ایک نظام اور دوسرا اس نظام کو چلانے والے، جب تک نظام چلانے والے ٹھیک نہیں ہوں گے جسے مرضی حکمران بنالیں ملک ٹھیک نہیں ہوگا، ہماری ملک میں ہربڑی بیماری موجود ہے لیکن علاج نہیں ہے، ان سمیت ہر سرمایہ دار اور اہم شخصیت بیرون ملک علاج کے لئے جاتی ہے، اس پر پابندی لگا دی جائے۔