سلمان کی ہیروئین اتھیا شیٹھی شاہ رخ کی مداح نکلی

جمعرات 27 اگست 2015 12:04

سلمان کی ہیروئین اتھیا شیٹھی شاہ رخ کی مداح نکلی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء)دبنگ اداکار سلمان خان بالی ووڈ میں کئی نئے اداکاروں کو متعارف کرانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔اداکار سنیل شیٹھی کی بیٹی اتھیا شیٹھی کو سلمان خان نے اپنی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ہیرو‘ میں اہم کردار ادا کرنے کی آفر دی، اس فلم میں اتھیا کے ہمراہ نئے اداکار سورج پنچھولی بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اتھیا کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ وہ بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی بہت بڑی مداح ہیں۔

(جاری ہے)

اتھیا نے بتایا کہ ’ایک اداکار کی بیٹی ہونے کی وجہ سے میں بہت سے اداکاروں سے مل چکی ہوں، میں شاہ رخ خان سے ان کی فلم ’میں ہوں ناں‘ کے سیٹ پر ملی تھی جس کے بعد انہوں نے مجھے پوری شوٹنگ دکھائی، شاہ رخ ایک بہترین انسان ہیں اور میں ان لمحات کو کبھی نہیں بھول سکتی۔

اتھیا کا بالی ووڈ کے تینوں خانز کے ساتھ بھی اداکاری کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایسی فلم میں کام ضرور کریں گی جس میں شاہ رخ، سلمان یا عامر موجود ہوں۔اتھیا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد اداکار سنیل شیٹھی کے ساتھ اداکاری کرنے کا موقع ملا تو وہ اس کو ہاتھ سے جانے نہیں دیں گی۔فلم’ ’ہیرو“ 1983 میں ہدایت کار سبھاش گھائے کی فلم کا ریمیک ہے۔