برطانوی بلے باز معین علی پاکستان کےخلاف سیریز میں اوپننگ کیلیے تیار

جمعرات 27 اگست 2015 14:52

برطانوی بلے باز معین علی پاکستان کےخلاف سیریز میں اوپننگ کیلیے تیار

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 27اگست۔2015ء) پاکستان نژاد انگلش آل رائونڈر معین علی نے تیزی سے انگلش کرکٹ ٹیم میں جگہ مستحکم کرلی ہے۔ وہ مختصر کیریئر میں کئی بار مرد بحران بن کر سامنے آئے اور حریف ٹیم کےخلاف ڈٹ گئے ۔ ایشز میں انہوں نے 8ویں نمبر پر بیٹنگ کی اورانکی کیریئر اوسط 38رنز فی اننگز ہے ۔ معین علی کے مطابق انہیں یقین ہے کہ وہ اوپری نمبرز پر کھیل کر زیادہ بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں 28 سالہ لیفٹ ہینڈر نے خود کو پاکستان کے خلاف عرب امارات میں سیریز میں اوپننگ کیلیے پیش کیا ہے ۔ خیال رہے کہ ایشز سیریز میں انگلش اوپنر ایڈم لیتھ بالکل ناکام رہے تھے ۔ اس کے پیش نظر کوچ ٹریور بیلس اور کپتان الیسٹر کک نے عندیہ دیا تھا کہ معین علی سے یو اے ای کی سخت کنڈیشنز میں پاکستان کے خلاف اوپننگ کرائی جاسکتی ہے ۔ معین علی کا کہنا ہے کہ سیریز کے آغاز سے قبل ان کا مقصد مستقل مزاجی سے کارکردگی پیش کرنا تھا ، وہ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ سوچا تھا وہ حاصل کیا، اب اگر انہیں اننگز کی شروعات کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے تو وہ ہرگز برا نہیں منائیں گے حالانکہ کیریئر میں وہ کبھی اس پوزیشن پر بیٹنگ نہیں کی ہے ۔