نیوزی لینڈ کر کٹ بورڈ نے اگلے سال پاکستان، سری لنکا اور آسٹریلیا کا دورے کا شیڈول جاری کر دیا

جمعرات 27 اگست 2015 15:25

نیوزی لینڈ کر کٹ بورڈ نے اگلے سال پاکستان، سری لنکا اور آسٹریلیا کا ..

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) نیوزی لینڈ کرکٹ نے آنے والے سیزن کیلئے پاکستان، سری لنکا اور آسٹریلیا کے دورہ نیوزی لینڈ کے طویل شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ آئندہ سیزن میں کیویز تین ملکوں کی میزبانی کریں گے اور ان کا سمر سیزن خاصا طویل اور مصروف ہو گا۔نیوزی لینڈ تین ملکوں کی چار ٹیسٹ، گیارہ ایک روزہ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے میزبانی کرے گا۔

رواں سال آسٹریلیا کے ساتھ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کرنے والے رگبی کے دیوانے ملک نیوزی لینڈ میں کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کے بعد اس کھیل اور ٹیم کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم میں فائنل میں آسٹریلیا کے سامنے آرام سے ہمت ہار گئی تھی لیکن کپتان برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ آنے والے سیزن میں شائقین کو ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو بہترین حریف کیخلاف اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہمارے مدمقابل کچھ بہت اچھے حریف ہوں گے اور ہم پرامید ہیں وہی کھیل پیش کر سکیں گے جو ہم نے گزشتہ سال اور ورلڈ کپ کے دوران پیش کیا تھا اور اپنی کارکردگی بہتر بناتے رہیں گے۔سمر سیزن میں سب سے پہلے سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کی مہمان بنے گی جہاں وہ 10 دسمبر سے 10 جنوری کے دوران دو ٹیسٹ، دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

اس کے بعد پاکستانی ٹیم 15 سے 31 جنوری تک کیویز کے دیس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کیلئے مہمان بنیں گے۔سب سے آخر میں نیوزی لینڈ تین فروری سے آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 24 فروری تک دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔آسٹریلیا کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ ممکنہ طور پر 33 سالہ کیوی قائد میک کولم کا 100واں ٹیسٹ میچ ہو گا۔