پیر محل میں حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، القاعدہ کا دہشت گرد بیوی ،2 بچوں اورایک ساتھی سمیت مارا گیا،ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ، 2 بچے شہید ، 4زخمی ،فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی

4بچوں کو بازیاب کروالیاگیا، ہلاک دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے

جمعرات 27 اگست 2015 17:00

پیرمحل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پیر محل میں ہاؤسنگ کالونی میں حساس اداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں القاعدہ کا دہشت گرد حبیب الرحمان بیوی ،2 بچوں اورایک ساتھی سمیت مارا گیا،ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 بچے شہید جبکہ 4زخمی ہو گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس نے یرغمال بنائے گئے4بچوں کو بھی بازیاب کروالیا، ہلاک دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کوحساس اداروں اور پولیس نے پیر محل میں ہاؤسنگ کالونی کے ایک مکان میں مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو اس دوران دہشت گردوں نے 6بچوں کو یرغمال بنالیا،3گھنٹوں سے زائد جاری رہنے والے پولیس مقابلے میں القاعدہ کا اہم دہشت گرد حبیب الرحمان بیوی ،2 بچوں اورایک ساتھی سمیت مارا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ،جس کی زد میں آ کردہشت گرد حبیب الرحمان کے بیوی اور بچے مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور دو بچے بھی شہید ہوئے،جبکہ دیگر چار بچوں کو پولیس نے زخمی حالت میں بازیاب کروالیا،ہلاک دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ہاؤسنگ کالونی میں صابن کی فیکٹری بنانے کیلئے جگہ لے رکھی تھی جبکہ اس میں دہشتگردی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کاؤنٹرٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ ماراتو دہشتگردوں نے پولیس پارٹی پر دستی بموں سے حملہ کر دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ۔